نیشنل ایکشن پلان کے تحت میرپور میں امن وامان اور سکیورٹی کے جملہ انتظامات کوفول پروف بنایاجارہاہے‘ ڈپٹی کمشنر

اتوار 10 ستمبر 2017 15:00

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 ستمبر2017ء) ڈپٹی کمشنرانصریعقوب نے کہاہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت ضلع میرپور میں امن وامان اور سکیورٹی کے جملہ انتظامات کوفول پروف بنایاجارہاہے۔ ضلع میں آنے والے مسافروں اورگاڑیوں کی سی سی ٹی وی کیمروں اور مینول طریقے سے پڑتال کی جارہی ہے، ضلع بھرکے تمام ریسٹ ہائوسز، گیسٹ ہائوسز اور ہوٹلوں کی روزانہ کی بنیاد پرچیکنگ ، پولیس گشت سمیت مشکوک افراد کی سرگرمیوں پرکڑی نظررکھی جائے۔

سکیورٹی کے حوالے سے نیشنل ایکشن پلان کی طرف سے بنائے گئے قوانین پرسوفیصد عمل کراناہمارے اولین فرائض میں شامل ہیں۔ غیررجسٹرڈ افغان مہاجرین کے انخلاء کوممکن بنایاجائے گا۔ایسے افغان مہاجرین جن کے PORs کارڈ بلاک ہوچکے ہیں اور ان کے پاس حکومت پاکستان کی طرف سے ویزہ وغیرہ نہیں ہے کوفوری طورپر ضلع بدرکیاجائے۔

(جاری ہے)

ضلع میں قانون کرایہ داری کے تحت کرایہ داروں کی رجسٹریشن کی تکمیل کی جائے۔

عوام الناس بھی اپنی کوئی جائیداد، مکان، دوکان کرایہ پردینے سے پہلے متعلقہ فرد کے بارے میں تمام معلومات حاصل کرکے متعلقہ تھانے میں کرایہ دارکی رجسٹریشن کروائیں۔ ضلع بھرمیں قائم سرکاری وپرائیویٹ ہاسٹلوں میں طلباء وطالبات کامکمل ڈیٹا ہوناچاہیے۔ ان خیالات کااظہار انھوں نے مجسٹریٹ صاحبان اور ریونیوافسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل راجہ محمد فاروق اکرم خان،اسسٹنٹ کمشنر ساجد اسلم ،اسسٹنٹ کمشنر ڈڈیال فسرمال راجہ ایاز احمد خان نے شرکت کی۔اجلاس میں ضلع بھر میں امن وامان کے حوالے سے کئے گے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنرانصر یعقوب نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ضلع بھرمیں نیشنل ایکشن پلان کی عملداری کویقینی بنائیں اس سلسلہ میں حساس اداروں کی طرف سے دی گئی معلومات پربروقت کارروائی کریں تاکہ سماج دشمنوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔

انھوں نے کہاکہ اسلحہ کی نمائش پرپہلے سے ہی پابندی ہے۔ شادی بیاہ اور دیگرتقریبات میں اسلحہ استعمال کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ضلع کے اسلحہ ڈیلروں کی اچانک پڑتال کی جائے۔ اجلاس میں اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کی پڑتال کرنے اور بعض اشیاء کی خود ساختہ مہنگائی کی روک تھام کی بھی ہدایات دیں ۔اجلاس میں شہرسے ناجائز تجاوزات کے خاتمے اور شہر میں صحت وصفائی کے نظام کو مربوط بنانے کے لئے متعلقہ اداروں کو کارروائی کرنے کی بھی ہدایات دی گیئں۔