مقبوضہ کشمیر:تنازعہ کشمیر کو زیادہ دیر تک ظلم و جبر سے دبایا نہیںجاسکتا: فریڈم پارٹی

سیاسی مخالفین کو جیلوں میں بند کرنا یا ان کے خلاف بے بنیاد مقدمات درج کر نا مسئلے کاحل نہیں

پیر 11 ستمبر 2017 20:19

سری نگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2017ء)مقبوضہ کشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے بھارتی فورسز کی طرف سے ریاست میں جاری پرتشدد کارروائیوں اور گرفتاریوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ طاقت کا استعمال کسی مسئلے کا حل نہیں اور تنازعہ کشمیرایک سیاسی مسئلہ ہے جس کو زیادہ دیر تک ظلم و جبر سے دبایا نہیںجاسکتا۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق فریڈم پارٹی کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں نوجوانوںکے قتل عام اور شہری آبادی کے خلاف انتقامی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قبرستان کی خاموشی کو امن کا نام دینے والوں کو سمجھنا چاہیے کہ تنازعہ کشمیرکوسیاسی کوششوں سے ہی حل کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سیاسی مخالفین کو جیلوں میں بند کرنا یا ان کے خلاف بے بنیاد مقدمات درج کر نا کسی مسئلے کا حل نہیں ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے پارٹی سربراہ شبیر احمد شاہ اور دیگر آزادی پسند رہنمائوں کے خلاف کی گئی کاروائیوں اور ان کی مسلسل نظربندی کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ثبوتوں کی عدم موجودگی میں نظربندی کو طول دینا شکست تسلیم کرنے کے مترادف ہے ۔انہوں نے بھارتی حکمرانوں پر زوردیا کہ وہ قتل و غارت اور گرفتاریوں کا سلسلہ دراز کرنے کے بجائے تنازعہ کشمیر کو حل کرنے کے لئے تمام فریقین سے مذاکراتی عمل شروع کریں تاکہ جنوبی ایشیا میں بے چینی اور سیاسی اضطراب کا خاتمہ ہوسکے اور تعمیرو ترقی کانیا دور شروع ہوسکے۔

انہوںنے فریڈم پارٹی کے دفتر سے منسلک ڈرائیور شیخ ضمیر احمد کے خلاف این آئی اے کی کارروائی کی مذمت کی ۔ترجمان نے جموں کے تاجر چوہدری عبدالرازق کو این آئی اے کی طرف سے گرفتار کئے جانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کاروائیوں سے یہاں تجارتی سرگرمیوں کو مفلوج اور تاجربرادری کو ہراساں کیا جارہا ہے ۔انہوں نے سوپور اور شوپیان میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔