تعلیم ،صحت فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے ، بد قسمتی سے ریاست کے وسائل پر کرپٹ ٹولا قابض ہوچکا ہے ،فردوس نقوی

جمعہ 15 ستمبر 2017 17:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 ستمبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ تعلیم اور صحت فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے لیکن بد قسمتی سے ریاست کے وسائل پر کرپٹ ٹولا قابض ہوچکا ہے ۔ تعلیم اور صحت پاکستانی معاشرے میں نایاب ہوچکے ہیں ۔ غریب آدمی اپنے بچوں کے لئے تعلیم کا سوچ بھی نہیں سکتا۔

حکمرانوں کی لوٹ مار اور کرپشن کی وجہ سے تعلیمی ادارے تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں ۔ یہ باتیں انہوں نے پرائیویٹ اسکول کے بچوں کے والدین سے ملاقات کے موقع پر پارٹی سیکریٹریٹ ’’انصاف ہائوس ‘‘ کراچی میں بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔ فردوس شمیم نقوی نے مزید کہا کہ نجی تعلیمی اداروں نے تعلیم کو کاروبار بنالیا ہے۔

(جاری ہے)

پورے صوبہ سندھ میں تعلیم کو کاروبار بنانے کے عمل کو بند کیا جائے اور فیسوں میں فوری طور پر کمی کی جائے۔

بچوں کی تعلیم پر توجہ دینے کے بجائے ہر وقت فیسوں کے اضافے میں مصروف رہتے ہیں ۔ فیسوں کے ہوشرابہ اضافے پر صوبائی وزیر تعلیم اور سیکریٹری تعلیم خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ۔بچوں کے والدین کے ہر روز احتجاج اور سڑکوں پر آنے سے حکمرانوں کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگتی ۔ قوموں کی تعمیر میں تعلیم کا کلیدی کردار ہوتا ہے۔ فردوس شمیم نقوی نے مزید کہا کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں اور اس شہر کراچی کے متوسط اور غریب طبقے کے لوگوں کے بچوں کو فری تعلیم فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں ۔

حکمرانوں کو اس بنیادی مسئلے سے آنکھیں نہیں چرانی چاہئے اور پرائیویٹ اسکول اور دیگر تعلیمی اداروں کی فیسوں میں بے جا اضافے کو روکیں اور اس قسم کی بے جافیسوں میں اضافہ کرنے والے تعلیمی اداروں کے خلاف ایکشن لیا جائے۔

متعلقہ عنوان :