مقبوضہ کشمیر:پیلٹ گن سے متاثرہ افراد کی تصاویر پر مبنی کتاب جاری کرنے پر ایمنسٹی انٹرنیشنل کی تعریف

پیر 18 ستمبر 2017 17:17

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2017ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنما اورجموں وکشمیرمحاذآزادی کے صدر محمد اقبال میر نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کی طرف سے سرینگر میں پیلٹ گن کے استعمال سے متاثرہونے والے افراد کی تصاویر پر مبنی کتاب اجرا کرنے پرعالمی ادارے کی تعریف کی ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محمد اقبال میر نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ تصویروں پر مبنی یہ کتاب اقوام عالم کا ضمیر جنجوڑنے کے لئے کافی ہے۔

انہوں نے بین الاقوامی اداروں باالخصوص اقوا م متحدہ پر زور دیا کہ وہ بھارتی حکومت کو کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے لئے جوابدہ بنائیں۔انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیاکہ وہ جنوبی ایشیا میں غیر یقینی صورتحال اور تعطل کو ختم کرنے کے لیے مسئلہ کشمیر کے پائیداراور حقیقت پسندانہ حل کے لئے اپنا اثرورسوخ استعمال کریں ۔

(جاری ہے)

حریت رہنما نے کہاکہ دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان مسلسل کشیدگی خطے کے امن کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت پر امن سیاسی سرگرمیوںپر پابندیاں عائد کرکے اور آزادی پسند رہنمائوں اور کارکنوںکو جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات میں پھنسا کر مقبوضہ علاقے میں سیاسی گھٹن کا ماحول پیدا کر رہی ہے ۔محمد اقبال میر نے کہا کہ تنازعہ کشمیرایک سیاسی مسئلہ ہے جسے فوجی طاقت کے ذریعے حل نہیں کیا جاسکتا ۔