المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی نی60افرادکی آنکھیں روشن کردیں، کامیاب آپریشن کے بعد مریض دعائیں دیتے روانہ

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرنے کیمپ کادورہ ، مریضوں کو ادویات اور ضروری ہدایات دیں

بدھ 11 اکتوبر 2017 16:51

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 اکتوبر2017ء)المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے زیراہتمام 2 روزہ فری آئی سرجری کیمپ کاپہلا مرحلہ مکمل، کیمپ میں60مریضوں کے کامیاب آپریشن کئے گئے،بینائی مل جانے پر مریض المصطفیٰ کو دعائیں دیتے ہوئے گھروں کو روانہ،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرڈاکٹر سردارظفراقبال نے کیمپ کے دوسرے روز دورہ کیا، مریضوں کو ادویات اور ضروری ہدایات دیں ، کیمپ کے دوسرے روز 300سے زائد مریضوں کا چیک اپ، 65سے زائدرجسٹرڈ مریضوں کے آپریشن بدھ کی رات کو کئے گئے۔

فری آئی سرجری کیمپ میں سفید موتئے کے مریضوں کامفت علاج معالجہ کیا گیا جہا ں پر ان کو ادویات کی فراہمی اوربغیرٹانکے آپریشن ، کھانا اور رہائش سمیت دیگر سہولیات فراہم کی گئیں ۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹرسردارظفراقبال مرکزی سیرت کمیٹی کے رابطہ سیکرٹری علامہ محمدپرویز قریشی،پیپلزپارٹی کے رہنما شیخ اظہر مسلم کانفرنس کی رہنما سمعیہ ساجد،میلادکمیٹی ائیرپورٹ کے سرپرست اعلیٰ سیدنیازعلی گیلانی، خادم حسین قریشی،سماجی تنظیم کی چیف ایگزیکٹو شائیستہ رحمان سمیت دیگر شخصیات نے کیمپ کادورہ کیا اور صدر المصطفیٰ عتیق احمدکیانی کے ہمراہ المصطفیٰ کمپلیکس کے مختلف شعبہ جات کا معائینہ بھی کیا۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹرسردارظفراقبال نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے غریب نابیناافراد کو روشنی لوٹانے کا عمل ناقابل فراموش ہیں ،فری پلاسٹک سرجری ،فری میڈیکل کیمپس اور سفید موتیہ کے مریضوں کامفت علاج اس کی بہترین مثال ہے۔ انہوں نے کہاکہ المصطفیٰ کی جانب سے غریب لوگوں کا مفت علاج معالجہ لائق تحسین ہے،صدرالمصطفیٰ ویلفیر سوسائٹی آزادکشمیر عتیق احمدکیانی نے کہاکہ غریب لوگوں کی آنکھوں کی بینائی لوٹانا ہمارا مشن ہے،المصطفیٰ اپنے محدود وسائل کے باوجود دکھی انسانیت کی خدمت جاری رکھے گی، المصطفیٰ ٹرسٹ کے تجمل گورمانی نے کہاکہ فری آئی سرجری کیمپ میں ماہر سرجن ڈاکٹرز مریضوں کا معائینہ اورآپریشن کر رہے ہیں۔

پیپلزپارٹی کے رہنما شیخ اظہر نے کہاکہ المصطفیٰ ویلفیئرسوسائٹی اہلیان مظفرآباد کے لئے اللہ تعالیٰ کا ایک انعام اور تحفہ ہے،المصطفیٰ جس جذبہ اور خلوص کے ساتھ عوام کی خدمت کررہی ہے اس کی مثال نہیں دی جاسکتی، جو کام حکومتیں بھی نہیں کر سکی ہیں وہ المصطفیٰ نے انجام دے کر ثابت کردیا ہے کہ اخلاص اور جذبے سے معاشرے کی محرومیوں کا خاتمہ کیاجاسکتا ہے۔

اس موقع پر اپنی گفتگو میں سماجی شخصیت محترمہ شائستہ رحمان نے کہاکہ المصطفیٰ کا خدمت انسانیت کا کام دیکھ کر بہت متاثر ہوئی ہوں اور مجھے یقین ہو گیا ہے کہ خدمت انسانیت کے لئے وسائل کی نہیں بلکہ اس طرح کے جذبہ اور اخلاص کی ضرورت ہو تی ہے۔انہوںنے کہاکہ دوردراز علاقوں سے آنیوالے غریب لوگوں کو جس طرح ہمدردی اور حسن اخلاق سے علاج معالجہ کی سہولت فراہم کی گئی ہم نے اس سے پہلے ایسا کہیں نہیں دیکھا۔

کامیاب آپریشن کے بعد ڈسچارج ہونے والے افراد نے اپنی گفتگو میں کہاکہ المصطفیٰ کا یہ اقدام ناقابل فراموش کارنامہ ہے۔ المصطفیٰ نے ہماری زندگیوں میں حقیقی انقلاب برپا کردیاہے۔آپریشن سے پہلے ہم دیکھ نہیں سکتے تھے مگر جب آپریشن کے بعد ہماری پٹی کھلی تو ہماری دنیا ہی بدل چکی تھی۔ہم اللہ تعالیٰ سے دعاگو ہیں کہ اللہ کریم اپنے حبیب مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے صدقے المصطفیٰ کو مذید ترقی عطا فرمائے اور المصطفیٰ کے رضاکاروںکو دنیا و آخرت میں سرخروئی عطافرمائے۔ڈسچارج ہونے والے مریضوں کے جذبات قابل دید تھے۔ وہ گھروں کو روانہ ہوتے ہوئے نمدیدہ نگاہوں کے ساتھ المصطفیٰ کو دعائیں دیتے جارہے تھے۔