اپنے حق کے لیے احتجاج کرنیوالی خواتین پر لاٹھی چارج حکومت کی بے بسی اور آمریت کا ثبوت ہے‘ چوہدری ولی محمد

اتوار 15 اکتوبر 2017 15:31

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 اکتوبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر حلقہ کوٹلہ کے صدر چوہدری ولی محمد نے کہا ہے کہ لیگی حکومت تمام شعبہ ہائے زندگی میں مکمل ناکام ہو چکی ہے ، اپنے حق کے لیے احتجاج کرنیوالی خواتین پر لاٹھی چارج حکومت کی بے بسی اور آمریت کا ثبوت ہے ، ہر شخص کو اپنے حق کے لیے احتجاج کرنے کا حق ہے مگر لیگی حکومت عوام سے ان کے بنیادی حقوق چھین رہی ہے گزشتہ روز میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت عوامی مسائل حل کرانے میں ناکام ہو کر ڈنڈے کے زور پر عوام کو اپنا حق مانگنے سے منع کر نا چاہتی ہے مگر ایسی مذموم کوششیں بے سود ثابت ہونگی ، آزاد کشمیر کے عوام باشعور ہیں اور اپنا حق لینا جانتے ہیں ، اگر حکومت نے اپنا یہی رویہ بحال رکھا تو آزاد کشمیر میں ایسی احتجاجی تحریک اٹھے گی جو حکومت کا بوریا بستر گول کر دیگی آزاد کشمیر کے عوام اور تحریک انصاف غریب عوام کے حقوق پر کسی کو ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیگی ، مسلم لیگ ن کی حکومت کو باور کرانا چاہتے ہیں کہ وہ عوام کے بنیادی مسائل پر توجہ دے اور ان کے حل کے لیے اقدامات اٹھائے ورنہ عوامی غضب سے نہیں بچ سکے گی ۔

متعلقہ عنوان :