کسی بھی قوم کے اندر ترقی اور سماجی تبدیلی لانے میں نوجوان ہی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، سردار مسعود خان

بدھ 1 نومبر 2017 20:03

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 نومبر2017ء)صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ کسی بھی قوم کے اندر ترقی اور سماجی تبدیلی لانے میں نوجوان ہی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں ۔ صدر نے ان خیالات کا اظہار یوتھ پارلیمنٹرین کے ایک وفد جس کی قیادت عبید قریشی سیکرٹری جنرل کر رہے تھے سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پڑھے لکھے متحرک نوجوان پارلیمنٹرین کا ملکی مفاد میں سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینا خوشی اور حوصلہ افزائی کا باعث ہے ۔

صدر نے کہا کہ یوتھ پارلیمنٹرین سماجی ، اقتصادی اور بین الاقوامی معاملات میں نوجوانوں میں مجموعی طور پر بیداری پیدا کرنے کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم ہے۔ صدر مسعود خان نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت نے میرٹ کے تحت ملازمت اورتعلیمی اداروں میں داخلے کے لیے NTSکا نفاز عمل میں لایا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیرنے نوجوانوں کی فنی تعلیم و ترقی کے لیے پیشہ وارانہ تربیت کا آغاز کیا ہے۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ موجودہ حکومت نوجوانوں کو متحرک کرنے اور انہیں جدید فنی تعلیم سے روشناس کرانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے یوتھ پارلیمنٹرین کو شفافیت ، معیشت سے متعلق اہم معاملات پر توجہ مرکوز کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ مسئلہ کشمیر پر بھی قومی اور بین الاقوامی سطح پر شعور اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ منتخب پارلیمنٹرین کی مشاورت سے یوتھ پارلیمنٹرین حکومت کو درپیش چیلنجز کو سمجھنے اور موثر طریقے سے حل کرنے میں مدد کر سکتے ہیں۔ صدر نے کہا کہ وہ نوجوانوں کی صلاحیتوں پر اعتماد رکھتے ہیں اور یہی نوجوان آزاد کشمیر اور پاکستان کے مستقبل میں رہنماء اور معمار ہونگے۔