عوامی خدمت میری زندگی کا مشن ہے‘ناٹنگھم سے بریڈ فورڈ شفٹ ہوا تو لیبر پارٹی سے منسلک ہوا اور نیک نیتی سے اپنا کام کیا جس پر الله تعالیٰ نے مجھے بہت عزت دی

سابق لارڈ میئر کونسلربریڈ فورڈ راجہ غضنفر خالق کی بات چیت

جمعہ 3 نومبر 2017 21:30

بریڈ فورڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 نومبر2017ء) سابق لارڈ میئر کونسلربریڈ فورڈ راجہ غضنفر خالق نے کہا ہے کہ عوامی خدمت میری زندگی کا مشن ہے۔ناٹنگھم سے بریڈ فورڈ شفٹ ہوا تو لیبر پارٹی سے منسلک ہوا اور نیک نیتی سے اپنا کام کیا جس پر الله تعالیٰ نے مجھے بہت عزت دی۔سات مرتبہ لیبر پارٹی کے پلیٹ فارم سے کونسلر منتخب ہوا اور پہلے ڈپٹی لارڈ میئر اور پھر لارڈ میئر منتخب ہوا اور ایشن میں سب سے زیادہ میں نے کونسل ہائوس میں سرو کیا۔

تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ جب میں ریٹائرڈ ہوا تو مجھے فل ہائوس نے تاریخی انداز میں رخصت کیا۔یہ باتیں شیئر کرنے کا مقصد ہے کہ آئندہ آنے والی نسلوں کے لئے ایک مثال ہو کہ آئندہ آنے والی نسلیں اس مشن کو آگے لیکر چلیں اور انہیں کسی مقام پر مایوسی نہ ہو۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے سابق میڈیا ایڈوائزر صدر آزاد کشمیر خالق محمود خالق سے ایک ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

راجہ غضنفر خالق نے مذید کہا کہ آزاد کشمیر میں ان کے گھرانے کا تعلق سیاسی طور پر پیپلز پارٹی سے ہے ۔خالق آبادکا نام ان کے والد گرامی کے نام سے منسلک ہے۔محترمہ نصرت بھٹو سے میرا قریبی تعلق تھا لیکن دیار غیر میں رہتے ہوئے یہاں کی سیاست کو ترجیحی دی۔میرے بھائی راجہ شوکت خالق پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں مشیر حکومت بھی رہے اور مختلف اہم عہدوں پر بھی لیکن اس کے باوجود میں نے یہاں لیبر پارٹی کو جوائن کیا۔

انہوںنے کہا کہ آزاد کشمیر کی حکومتوں نے راجہ محمد نجیب مرحوم اور راجہ محمد اعظم خان مرحوم اور دیگر مختلف سیاسی قائدین جو برطانیہ میں رہائش پذیر تھے ان کو وہ رتبہ اور مقام نہیں دلا سکے جو ان کا ہونا چاہئے تھا ،میری سیاسی قائدین سے گزارش ہے کہ مورثی اور برادری ازم کی سیاست کو پروان نہ چڑھایا جائے تاکہ ہم اس ملک میںرہ کر اپنا امیج بہتر کر سکیں۔