میر واعظ فورم اور لبریشن فرنٹ کی طرف سے سیدعلی گیلانی کیخلاف نیشنل کانفرنس کی ہرزہ سرائی کی شدید مذمت

جمعرات 16 نومبر 2017 18:43

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2017ء)مقبوضہ کشمیرمیں میر واعظ عمر فاروق کی سرپرستی میں قائم فورم اور جموں کشمیر لبریشن فرنٹ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی کے خلاف بھارت نواز نیشنل کانفرنس کی ہرزہ سرائی کی شدید مذمت کی ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر واعظ فورم اور لبریشن فرنٹ کے ترجمانوں نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہاکہ سید علی گیلانی ایک سینئر ترین سیاسی قائد اور حریت رہنماء ہیں اور انکے خلاف بدتہذیبی اورزبان درازی کیلئے نیشنل کانفرنس کی طرف سے اپنے ترجمان جنید متو کو استعمال کرنے سے اسکی اخلاقی پستی کی عکاسی ہوتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ طویل عرصے سے اقتدار سے باہر رہنے کی وجہ سے نیشنل کانفرنس پانی کے بغیر مچھلی کی مانند تڑپ رہی ہے اور یہ جماعت ا پنے اصل مقصد یعنی لیلیٰ اقتدار کو گلے لگانے کیلئے بے چین ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ نیشنل کانفرنس کو کشمیریوں کی حالت زار اورانکی جدوجہد آزادی کی کوئی پرواہ نہیں ہے اوروہ ہر صورت میں اقتدار کا حصول چاہتی ہے۔ ترجمانوں نے کہا کہ بدقسمتی سے اس موقع پرست اور بے شرم ٹولے کی مفاد پرستانہ سیاست 1947سے آج تک جاری ہے ۔

یہ لوگ اقتدار کی بھوک مٹانے کیلئے ہر حربہ آزمانے پرتیار نظرآتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اقتدار کے حصول کے ایک نکاتی ایجنڈے کیلئے نیشنل کانفرنس ایک بار پھر گندی سیاست پر اتر آئی ہے جس کے تحت یہ لوگ مزاحمتی قیادت کو بدنام کرنے اور ان کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے میں جٹ گئے ہیں تاکہ کشمیریوں کے خلاف جاری جبر و تشدد اور ظلم و تعدی سے توجہ ہٹائی جاسکے جو مسئلہ کشمیر کو مسلمہ اصولوں کے تحت اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کیلئے برسر جدوجہد ہیں۔