ْمقبوضہ کشمیر: مصدق عادل کا غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوںکی حالت زار پر اظہار تشویش

بدھ 3 جنوری 2018 20:13

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جنوری2018ء)مقبوضہ کشمیر میں جموں و کشمیرپیپلز پولیٹیکل فرنٹ کے کے چیئرمین محمد مصدق عادل نے جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی حالت زار پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نظربندوں کے صبر و استقامت کو سراہا ہے۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹ کے مطابق محمد مصدق عادل تنظیم کے چیف آرگنائزر میر غلام حسن کے ہمراہ سب جیل بارہمولہ گئے اور وہاں غیر قانونی طور پر نظر بند پیپلز پولیٹیکل فرنٹ کے سینئر کارکن محمد افضل رفیع آبادی اور دیگر نظر بندوں سے ملاقات کی اور انہیں درپیش صورتحال کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔

انہوں نے نظر بندوں سے ملاقات کے بعدسرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ نظربندوںکو جیلوں میںجسمانی اور ذہنی اذیتوں سے گزرنا جاتاہے ۔ انہوںنے کہا کہ تمام تر سختیوں اور اہلخانہ سے دوری کے باوجود نظر بندوں کے حوصلے بلند ہیں ۔محمد مصدق عادل نے کہا کہ مختلف جیلوں میں برسہابرس سے غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیری اپنا آج قوم کے روشن کل پر قربان کر رہے اور تمام تر تکالیف اور مصائب کے باوجود وہ جس عزم و ہمت کا مظاہرہ کر رہے ہیں وہ قابلِ تحسین ہی نہیں بلکہ قوم کے لئے باعثِ افتخار بھی ہے۔