مظفر آباد:16 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پر عملدرآمد کیلئے آل پارٹیز کانفرنس کل پریس کلب منعقد ہوگی

ہفتہ 6 جنوری 2018 18:25

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جنوری2018ء)وادی لیپہ کرناہ کے عوام کو برف باری سے راستوں کی بندش سے پیدا ہونے والی سنگین صورتحال کے پیش نظر ٹنل کی عدم تعمیر ، جنگلات کی آمد ن سے حاصل ہونے والی رائٹلی ،اضافی نشست ،ڈاکٹرزکی تعیناتی ، سڑکوں کی پختگی ، تعلیمی اداروں کی نامکمل عمارات ، سائنس کلاسز کے اجراء ،ادویات کی فراہمی سمیت 16 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پر عمل درآمد کے لئے آل پارٹیز کانفرنس آج(اتوار کو) دن 10 بجے سنٹرل پریس کلب میں منعقد ہو گی، جس میں تمام سیاسی ، مذہبی ، سماجی ، طلباء ، تاجر ، وکلاء ،صحافتی تنظیمیں اور سول سوسائٹی کے زعماء شرکت کرینگے ۔

گزشتہ روز اے پی سی کے سلسلہ میں انتظامات و تیاریوں کے بعد میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے سابق میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید میر نے کہا ہی کہ 15 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پر سفارشات تیار کر کے اتفاق رائے سے وزیراعظم آزاد کشمیر راجا محمد فاروق حیدر خان سے لیپہ کرنا ہ کا نمائندہ وفد ملاقات کرے گا جبکہ مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کر کے لیپا کرنا ہ 80 ہزار آبادی کے اجتماعی مسائل پر غیر متنازعہ ، غیر سیاسی پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی روایات کو برقراررکھا جائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری نہ حکومت وقت سے بلاجواز تنقید یالڑائی ہے نہ ہی کسی سیاسی جماعت یا رہنما سے ۔ ہم اپنے جائز مطالبات کے لئے ریاستی آئین کے مطابق بنیادی انسانی حقوق کے پیش نظر اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں جو ہمارا آئینی ، قانونی ، اخلاقی ، جمہوری حق ہے ہمارا حکومت سے یہ تقاضہ ہے کہ وہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں لیپہ ٹنل کی تعمیر کو جاریہ منصوبہ بنانے کے لئے ابھی سے فنڈز مختص کرنے کاتحریری عمل کے ذریعے وفاقی اداروں سے منظوریاں حاصل کرنے کے اقدامات شروع کردیں جو موجودہ حکومت سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے اجتماعی وعدے ہیں ۔

ہم سیاسی جماعتوں کے قائدین سے انسانی ہمدردی کی بنا ء پر جاندار حمایت کی توقع رکھتے ہیں اور یہی توقع ہمیں بہادر افواج پاکستان الیکٹرانک پرنٹ میڈیا بااختیار قوتوں سے ہے ممبر قانون ساز اسمبلی ڈاکٹر مصطفی بشیر ، سابق وزراء چوہدری محمد رشید ، دیوان علی خان چغتائی ، رفاقت اعوان، عارف مغل سمیت تمام امیدواران سے حسب روایت جاندار حمایت کی درخواست ہے جو وہ کرتے بھی رہے ہیں ہم ماضی کے مردے زندہ کرنے کی غیر منطق جستجو کے بجائے مستقبل کی منصوبہ بندی پر جذباتی گفتگو کے بجائے عقلی دلیل کو ہتھیار بناتے ہوئے آگے بڑھنے کی پالیسی پر گامزن ہیں جو ہو گیا سو گیا جس نے کیا اس کا بھی بھلا ہو جس نے سازش کی اس کے لئے بھی ہدایت کی دعا ہے کیونکہ وادی لیپہ کرناہ کے لوگوں کے کندھے 4 ماہ تک گھروں میں قید رہنے کے ساتھ ساتھ اپنے پیاروں کے لاشیں اٹھاتے اٹھاتے نڈھال ہو چکے ہیں جبکہ صرف جنگلات کی آمدن سے حاصل ہونے والی رائٹلی کی مد میں ہمارے اربوں روپے حکومت کے ذمہ بقایا ہیں اپنی نسلوں کے تابناک مستقبل کے تحفظ اور اجتماعی حقوق کے لئے سال ہا سال سے مثالی باوقار ، خود دار ، قابل تقلید پرامن جدوجہد کرنے پر وادی لیپہ کے مرد و خواتین ، نوجوان نسل ،بزرگوں سمیت تمام مکاتب فکر کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ دفاع وطن اور کشمیر کی آزادی کے لئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے میں ہر اول دستے کا کردار ادا کیا اور اور نا مساعد حالات کے باوجود انا پرستی کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے محنت مزدوری کر کے اپنے اہل و عیال کی رزق ہلال سے پرورش کی جس کی وجہ سے آج وادی لیپہ کا تعلیمی معیار سب سے نمایا ں اور قابل فخر ہے ہم اپنے عوام کے اتحاد و اتفاق کے محافظ اور امانت دار ہیں دریں اثناء ٹنل موومنٹ کمیٹی کے سینئر اراکین منصور عالم قریشی ، پیرزادہ شامی، سید امتیاز شاہ ، سعید اختر اعوان ، عاطف گیلانی ، عثمان صدیق لون ، حفیظ عباسی و دیگر نے شہر کے مختلف وارڈ ز کا دورہ کر کے اے پی سی کی کامیابی کے لئے اپنا کلیدی ، مثالی کردار ادا کیا۔راٹھور