آزاد کشمیر کی جملہ یونیورسٹیوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی‘صدر آزاد کشمیر

تدریسی و انتظامی سہولیات کے لیے معیاری تعمیرات کی جانی چاہیے تاکہ طلباء و فیکلٹی ممبران کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے‘سردار محمد مسعود خان

پیر 22 جنوری 2018 19:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2018ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے میر پوریونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (MUST)میر پور کے دسویں سینٹ اجلاس کی صدارت کی ۔ اجلاس میں وائس چانسلر (MUST)پروفیسر ڈاکٹر حبیب الرحمن نے یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات جن میں تعمیراتی منصوبہ جات، مسٹ کیمپس پلندری ، تدریسی اصلاحات کے لیے اٹھائے گئے اقدامات ، معیاری تعلیم اور تعلیم کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں سے متعلق جناب صدر آزاد جموں وکشمیر (چانسلر) کو تفصیل سے بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ یونیورسٹی میں گرلز و بوائز ہاسٹل کی تعمیر ، لائبریری ، تدریسی سہولیات، انتظامی و تدریسی سٹاف کے لیے رہائشی عمارات کی تعمیر کا کام شروع ہے جو جلد مکمل ہو جائے گا۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ تدریسی و انتظامی سہولیات کے لیے معیاری تعمیرات کی جانی چاہیے تاکہ طلباء و فیکلٹی ممبران کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی جملہ یونیورسٹیوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ پلندری کیمپس کے قیام کے سلسلہ میں فی الوقت پوسٹ گریجویٹ کالج پلندری کی عمارت میں عارضی طور پر تدریس شروع کر دی جائے گی ۔

سب کیمپس پلندری کے لیے 523کنال اراضی حاصل کر لی گئی ہے ۔ انہوں نے وائس چانسلر مسٹ کو سب کیمپس کو فعال بنانے کے لیے فوری طور پر منصوبہ بندی و تعمیراتی عمل کو یقینی بنانے کی ہدایات دی ہیں تاکہ طلباء کو سب کیمپس میں مقامی سطح پر معیاری تعلیمی سہولیات میسر آسکیں۔ صدر مسعود خان نے مزید کہا کہ یونیورسٹیوں میں طلباء کے داخلے کے علاوہ جملہ تعیناتیاں کلیتاً میرٹ پر ہونگی اور اس سلسلے میں کسی قسم کا کوئی سیاسی و سفارشی عمل دخل قبول نہیں کیا جائے گا ، تاکہ معیار تعلیم بہتر کیا جا سکے ۔

انہوں نے کہا کہ طلباء کو موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق جدید سائنسی، تحقیقی و تکنیکی مضامین و شعبوں میں تعلیم دی جائے گی تاکہ وہ بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کر سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں میرٹ کا فقدان رہا ہے جس کی وجہ سے معیار تعلیم بلند نہ ہو سکا ، لیکن اب ایسا ہر گز نہیں ہو گا۔ صدر مسعو دخان نے کہا کہ آزاد کشمیر کے طلباء و طالبات ذہین و فطین ہیں اور ان کے اندر بے شمار صلاحیتیں موجود ہیں ، جنہیں بروئے کار لانے کے لیے ہم بین الاقوامی یونیورسٹیوں کے ساتھ باہمی اشتراک کر رہے ہیں ، تاکہ ہمارے طلباء و طالبات کو عالمی معیار کے مطابق جدید تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ سیکھنے کا موقع بھی مل سکے،کیونکہ بین الاقوامی معیارتعلیم کے حصول کے بغیر ہم کامیابی حاصل نہیں کر سکتے۔

اس لیے ہمیں معیار تعلیم کی بہتری کے لیے ہر ممکن کوشش کرنی ہوگی۔ صدر آزاد جموں وکشمیر نے آزاد کشمیر کی یونیورسٹیوں کے مسائل کے حل کے سلسلہ میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے غیر معمولی تعاون کو سراہا ہے اور انہوں نے کہا ہے کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن (HEC)کے چیئرمین اور انتظامیہ نے ہمیشہ آزاد کشمیر کی یونیورسٹیوں کی ضروریات اور ان کو درپیش مسائل کو یکسو کرنے کے لیے بھر پور معاونت کی ہے، جس پر ہم HECکے شکر گزار ہیں۔

سینٹ اجلاس میں پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ آمین قادر وائس چانسلرفاطمہ جناح وویمن یونیورسٹی راوالپنڈی ، پروفیسر ڈاکٹر محمد خان انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد، سید شاہد محی الدین سیکرٹری ہائیرایجوکیشن گورنمنٹ آزاد جموں وکشمیر، اویس احمدڈائریکٹر جنرل ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور دیگر ممبران سینٹ میر پور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے بھی شرکت کی۔