حریت فورم کی سیدعلی گیلانی،میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک کی مسلسل نظربندی کی شدید مذمت

حریت رہنمائوں کی پر امن سیاسی سرگرمیوں پر قدغن انتظامیہ کی بوکھلاہٹ کا واضح ثبوت ہے، ترجمان

بدھ 7 فروری 2018 18:47

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 فروری2018ء) مقبوضہ کشمیر میںمیر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم نے حریت قائدین سیدعلی گیلانی اور میر واعظ عمر فارو ق کی مسلسل گھروں میں اور محمد یاسین ملک کی سرینگر سینٹرل جیل میںنظربندی کی شدید مذمت کی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فورم کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ انتظامیہ نے حریت رہنمائوں کو مسلسل نظربند کر کے انکی پر امن سیاسی اور سماجی سرگرمیوں پر قدغن عائد کر رکھی ہے جوکہ انتہائی آمرانہ اور قابل مذمت ہے ۔

انہوںنے کہاکہ حریت رہنمائوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے اوران کی پر امن سیاسی سرگرمیوں پر قدغن انتظامیہ کی بوکھلاہٹ کا واضح ثبوت ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ بھارتی حکمرانوں اورانکی کٹھ پتلی انتظامیہ کی طرف سے حریت قائدین کے ساتھ روارکھے جانیوالے معاندانہ رویہ سے بھارت کے نام نہاد جمہوری دعوئوں اور اظہار رائے کی آزادی کے پروپیگنڈے کی قلعی کھل گئی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے واضح کیاکہ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے نہ تو حریت قائدین کو اپنی حق پر مبنی جدوجہد آزادی سے دستبردار کیاجاسکتا ہے اور نہ ہی حریت قیادت اور کشمیر ی عوام کے درمیان خلا پید اکیاجاسکتا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ حریت رہنمائوںکی گھروں میں مسلسل نظربندی بھارتی حکمرانوں کا اعتراف شکست ہے۔ انہوںنے کہاکہ انتظامیہ حریت قائدین کی پر امن سرگرمیوں سے خوفزدہ ہو کر بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے ۔

متعلقہ عنوان :