موجودہ اور آنیوالی نسلوں کو بہتر ،محفوظ مستقبل کی فراہمی کیلئے جنگلات کا تحفظ و ترقی ہماری قومی و عالمی ذمہ داری ہے ، سردار میر اکبر خان

جنگلات قدرت کا انمول اور قابل تجدید عطیہ ،قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ،وزیر جنگلات آزاد کشمیر کا تقریب سے خطاب

ہفتہ 17 فروری 2018 21:27

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2018ء)وزیر جنگلات آزادکشمیر سردار میر اکبر خان نے کہا ہے کہ موجودہ اور آنے والی نسلوں کو بہتر اور محفوظ مستقبل کی فراہمی کے علاوہ عالمی سطح پر درپیش مسائل سے نبرد آزماہونے اور اخروی زندگی میں سرخرو ہونے کیلئے جنگلات کا تحفظ اور ترقی ہماری قومی و عالمی ذمہ داری ہے جنگلات قدرت کا انمول اور قابل تجدید عطیہ ہیں جنگلات ہماری قومی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ۔

ہفتہ کو آزادکشمیر کے محکمہ جنگلات کے زیر اہتمام قومی شجرکاری مہم2018 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار میر اکبر خان نے کہا کہ شجر پروری انسان کیلئے دنیا و آخرت مین بہتری کا ذریعہ ہیں۔ انہوںنے کہا کہ شجرکاری کو کامیاب بنانے کیلئے مانیٹرنگ نظام کو مذید بہتر بنائیںگے۔

(جاری ہے)

وزیر جنگلات نے کہاکہ آزادکشمیر جغرافیائی و موسمی لحاظ سے شجر کاری و شجر پروری کے لیے ایک مثالی خطہ ہے۔

اگرہم ایسے سازگار موسمی حالات میسر ہونے کے باوجود اس ملک کو سر سبز و شاداب نہ بنا سکیں تویہ ہماری بدنصیبی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دین نے بھی شجر کاری و شجر پروری کی تعلیم دی ہے وقت کا تقاضا ہے کہ ہم آج سے مستقبل کی فکر کریں اورشجرکاری کے پروگرام کو کامیاب بنا کر اپنی اجتماعی و قومی ذمہ داریوں سے عہدہ برا ہوں۔ انہوںنے کہا کہ محکمہ جنگلات کی کارکردگی سے مطمیئن ہوں ایک اچھی ٹیم ملی ہے فنڈز کی کوئی کمی نہیں صرف کام کرنے کی ضرورت ہے انہوں نے کہاکہ شجرکاری کسی فرد واحد ، محکمہ یا حکومت کے بس کی بات نہیں بلکہ یہ قومی فریضہ ہے جس میں پوری قوم اجتماعی طور پر شامل نہ ہو گی تو کامیابی کا حصول ممکن نہ ہو سکے گا ۔

وزیر جنگلات نے کہاکہ موسم بہار2018 کی شجرکاری کے دوران 91 لاکھ 10ہزار سے زائد پودے محکمہ جنگلات لگائے گا جبکہ 5لاکھ پودے تقسیم کیے جائیں گے انہوں نے کہا کہ تمام ادارے ، سول سوسائٹی سے امید کرتا ہوں کہ قومی شجرکاری مہم کو کامیاب بنائیں۔ شجرکاری کی افتتاحی تقریب سے خطا کرتے ہوئے آزادکشمیر کے وزیر تعمیرات عامہ چوہدری محمد عزیز نے کہاکہ جنگلات انسان کی پیدائش سے لے کر مرنے تک ضروری ہیں انہوں نے کہا کہ دنیا گلوبل ویلج بن چکی ہے موسمیاتی تبدیلیان رونما ہو رہی ہیں ان سے نبرد آزما ہونے کے لیے جنگلات کی ترقی انتہائی اہمیت کی حامل ہے وزیر تعمیرات عامہ نے کہا کہ درخت لگانا آسان کام ہے کہ لیکن درختوں کی حفاظت کرنا انتہائی مشکل کام ہے انہوں نے کہاکہ جنگلات کی حفاظت کرنا صرف محکمہ کا کام ہی نہیں بلکہ یہ ہماری سب کی قومی ذمہ داری ہے کہ ہم جنگلات کے تحفظ کو یقینی بنائیں انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی اور موسمیاتی تبدیلیاں بین الاقوامی چیلنج بن چکی ہیں درخت ہی ماحول کو بہتر بنانے کا واحد ذریعہ ہیں انہوںنے کہا کہ آنے والی نسلوں کے لیے جنگلات کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور زیادہ سے زیادہ شجرکاری کریں انہوں نے کہا کہ شجرکاری کے بعد شجر پروری کی اہمیت کو ذہن میں رکھیں ورنہ افرادی قوت سرمایہ اور وقت کا ضیاع ہو گا چوہدری محمد عزیز نے کہاکہ جنگلات قومی دولت ہیں ہم سب کو مل کر ان کے تحفظ کو یقینی بناناہے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر سماجی بہبود محترمہ نورین عارف نے کہاکہ جنگلات قیمتی اثاثہ ہیں جنگلات کے کٹائو کو روکنے اور تحفظ کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ شجرکاری کریں اور ساتھ ہی ساتھ درختوں کی حفاظت بھی ہمارا قومی و ملی فریضہ ہے۔ نورین عارف نے کہاکہ ہم سب کو مل کر قومی دولت کی حفاظت کرنی ہو گی۔

انہوں نے کہاکہ جنگلات معیشت میں بھی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئیے ہم سب مل کر قومی دولت کی حفاظت کریں اور زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر اسمبلی ڈاکٹر مصطفی بشیر عباسی نے کہا کہ جنگلات کے کٹائو کو روکنے، تحفظ اور شجرکاری کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں جتنی زیادہ شجرکاری ہو گی اتنی ہی زیادہ شجر پروری کی بھی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہاکہ جنگلات کو ریاست کی آمدنی کا سب سے بڑا ذریعہ سمجھا جاتاہے اس قومی دولت کو محفوظ بنانا ہم سب کا فرض ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آزادکشمیر کے سیکرٹری جنگلات سید ظہور الحسن گیلانی نے کہا کہ حالیہ شجرکاری موسم بہار 2018کے لیے 3.150 ملین پودہ جات کی تنصیب کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ جنگلات آزادکشمیر رواں سال موسم بہار 2018 میں تقریباً 96 لاکھ10 ہزار پودہ جات تنصیب و تقسیم کر رہا ہے جبکہ شجرکاری موسم بہار 2017 کے دوران 41لاکھ 54 ہزار پودہ جات لگائے اور 4 لاکھ 16 ہزار پودہ جات مختلف محکمہ جات بشمول افواج پاکستان تقیسم کیے گئے۔

سیکرٹری جنگلات نے مزید کہا کہ محدود وسائل کے باوجود حکومت آزادکشمیر نے محکمہ جنگلات کے ترقیاتی پروگرام کے لیے رواں سال میں 450.000ملین روپے مختص کر رکھے ہیں انہوں نے کہاکہ منصوبہ گرین پاکستان پروگرام اور نیلم و جہلم ہائیڈرو الیکٹرک پاور پراجیکٹ کے تحت بھی شجرکاری کے لیے وافر فنڈز فراہم کیے گئے ہیں ۔