محکمہ صحت عامہ نیلم میں میرٹ پامالی حکومت کے گڈ گورنس کے نعرے پر بد نما داغ ہے ،ْ میاں عبد الوحید ایڈووکیٹ

ماسٹر ڈگری ہولڈرز نظر انداز میٹرک پاس کی ایڈجسٹمنٹ، سپیکر کیساتھ وابستگی کی بنیاد پر میرٹ بنانا گھنائونا فعل ہے ،ْ گفتگو

جمعرات 22 فروری 2018 16:40

آٹھ مقام (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2018ء)آزاد کشمیر کے سابق وزیر تعلیم سکولز میاں عبدالوحید ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ محکمہ صحت عامہ نیلم میں میرٹ پامالی حکومت کے گڈ گورنس کے نعرے پر بد نما داغ ہے ، ٹیکنیشن اسامیوں پر نان ٹیکنکل ،ماسٹر ڈگری ہولڈرز نظر انداز میٹرک پاس کی ایڈجسٹمنٹ، سپیکر کیساتھ وابستگی کی بنیاد پر میرٹ بنانا گھنائونا فعل ہے سپیکر اسمبلی اداروں میں بے جا مداخلت کرکے پڑھے لکھے نوجوانوں کا استحصال کررہے ہیں ۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان گڈ گورنس ،میرٹ بحالی، کا ڈھنڈورا پیٹ رہے ہیں جبکہ نیلم ویلی میں ان کی پارٹی کا ممبر اسمبلی و سپیکر قانون ساز اسمبلی اپنے ہی وزیر اعظم کے منشور اور آئن کی دھجیاں بکھیر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

نیلم ویلی کے نوجوانوں کو سہانے سپنے دیکھا کر ورغلانے والے نے اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کے گلے پر چھری چلانے کی پالیسی اپنا کر نالائق لوگوں کے ٹولے کو محض اپنے ساتھ وابستگی کی بنیاد پربھرتی کرنا شروع کر رکھا ہے نیلم ویلی میں حکومت کی ڈیڑھ سالہ کارکردگی میرٹ پامالیوں ، اداروں میں عدم استحکام پھیلانے ،افراد،برادریوں ، قبائل کو آپس میں لڑانے کے علاوہ کچھ نہیں سپیکر اسمبلی نے مخالفین کو بد ترین انتقام کا نشانہ بنانے کی پالیسی اپنا رکھی ہے ،موصوف نے معاشرتی اور سماجی اخلاقیات کا جنازہ نکال دیا ہے نیلم ویلی میں کسی سرکاری ملازم کے گھر فاتحہ خوانی کے لیئے جائیں تو دوسرے دن اس ملازم کو معطل کردیا جاتا ہے ۔

نیلم ویلی میرا گھر ہے نیلم ویلی کا ہر فرد قابل احترام ہے سماجی روایات ہم کسی صورت نہیں بھول سکتے ۔تیمار داری اور فاتحہ خوانی بلا تخصیص سیاسی وابستگی کی جاتی ہے موصوف اپنی ناکامیوں کی خفت مٹانے کے لیئے سماجی روایات ختم کروانے کے درپے ہیں۔جسکا انجام عبرتناک ہوگا۔میاں عبدالوحید نے کہا کہ نیلم ویلی کے ہسپتالوں کی ٹیکنیکل اسامیوں پر نان ٹیکنیکل افراد کی بھرتی سپیکر اسمبلی کی طرف سے انسانی جانوں کیساتھ کھیلنے کے مترادف ہے محکمہ صحت عامہ نیلم کو بیگار کیمپ بنایا جارہا ہے۔