وزیر اعظم آزادکشمیر فاروق حیدرخان کی پونچھ سے سردار خورشید خان کی قیادت میں سینکڑوں افراد کی مسلم لیگ ن میں شمولیت پر منعقدہ تقریب سے خطاب

جمعہ 2 مارچ 2018 21:05

مظفر آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مارچ2018ء) وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمدفاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ آزاد خطہ تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ ہے اور اس کی آزادی میں اہل پونچھ کا بڑا کر دار ہے، ہمارے لیے باعث مسرت ہے کہ پونچھ کے لوگوں کی بڑی تعداد ہمارے قافلے میں شامل ہورہی ہے ۔ آزادکشمیر میں مسلم لیگ ن کی حکومت خطے کی پائیدار تعمیر و ترقی کے ساتھ لوگوں کے معیار زندگی کو بلند کر نے اور انہیں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے ۔

بہتر نظام حکومت دینا چاہتے ہیں ،گڈ گورننس کے ساتھ ساتھ میرٹ کا بول بالا اور انصاف کی فراہمی کیلئے اقدامات اٹھا ئے گئے ہیں ، عام آدمی کے بچوں کو روزگار کے یکساں مواقعے فراہم کرنے کیلئے این ٹی ایس اور غیر جانبدار پبلک سروس کمیشن تشکیل دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارا نہوںنے گزشتہ روز پونچھ کی یونین کونسل بنگوئی سے سردار خورشید خان کی قیادت میں آئے سینکڑوں افراد کی مسلم لیگ ن میں شمولیت کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر وزیر حکومت چوہدری محمد عزیز، ممبر کشمیر کونسل سردار عبدالخالق وصی اور سردار ریاض روشن نے بھی خطاب کیا جبکہ چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی چوہدری محمد اسحاق ،مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر مشتاق نئیر اورکارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ آزادکشمیر میں مسلم لیگ ن کی حکومت قائم ہونے کے بعد میاں محمد نواز شریف نے خطے کے بجٹ کو 11ارب سے بڑھا کر 22ارب کر دیاور اور ساتھ ہی یہ کہا کہ پاکستان میں مسلم لیگ ن کی حکومت آزادکشمیر کی تعمیر و ترقی کیلئے مزید رقم بھی فراہم کریگی ۔

انہوںنے کہا کہ آنے والے الیکشن میں بھی مسلم لیگ ن کی حکومت قائم ہوگی ۔ انہوںنے کہا کہ آزادکشمیر میں ایسا نظام وضع کر دیا ہے جس سے عام آدمی کے پڑھے لکھے بچوں کو بھی سرکاری ملازمتوں کے دروازے کھل گئے ہیں اور این ٹی ایس کے ذریعے ایسے ایسے لوگوں کے بچے بھی ٹیچر بھرتی ہوئے ہیں جو پہلے سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ اس طرح حکومت آزاد کشمیر خطے میں روزگار کے مواقعے میرٹ کی بنیاد مہیا کریگی ۔

انہوںنے کہا کہ حکومت آزادکشمیر خطے میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے ٹورازم کو فروغ دینا چاہتی ہے اور 10ارب کی لاگت سے ٹورازم کوریڈور کا منصوبہ زیر غور ہے ۔ سیاحت کے فروغ سے خطہ میںمعاشی انقلاب برپا ہو گا۔ جہاں دینا بھر سے لوگ آزادکشمیر کا خوبصورت خطہ دیکھنے آئیں گے وہاں آزادکشمیر میں خوشحالی آئے گی ۔ راجہ محمدفاروق حیدرخان نے کہا کہ جموں وکشمیر کونسل کا ادارہ آزادکشمیر کے غریب لوگوں سے وصول ہونے والے ٹیکسوں پر چلتا ہے ،آزاد کشمیر کے عوام کشمیر کونسل کے کردار سے مطمئن نہیں ۔

انہوںنے کہا کہ حق حقدار تک پہنچنا چاہیے اور ہم اللہ کے فضل سے حقدار کو اسکا حق دلا کر رہیں گے ۔ انہوںنے کہا کہ حکومت آزادکشمیر میں سڑکوں کی بہتری کیلئے خطیر رقوم خرچ کررہی ہے ،290کلو میٹر نئی سڑکیں جبکہ 290کلو میٹر پرانی سڑکوں کو بہتر بنانے پر کام ہو رہا ہے اور میرپور میں نرسنگ ٹریننگ سکول کو اپ گریڈ کر کے اس میں ڈگری کلاسز شروع کی جارہی ہیں تاکہ تربیت یافتہ نرسنگ سٹاف کی کمی کو پورا کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :