پرامن معاشرہ کے قیام کیلئے ریاست کے ہر فرد اور ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ حاجی طاہر خان

پیر 5 مارچ 2018 22:05

بالاکوٹ۔ 3 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مارچ2018ء) بالاکوٹ کی سماجی شخصیت اور تھانہ سرکل بالاکوٹ کی مصالحتی کمیٹی ڈی آر سی کے ممبر حاجی طاہر خان نے کہا ہے کہ عوام کے تعاون سے جرائم پیشہ افراد کا خاتمہ ممکن ہے، ایسے نوجوانوں اور پولیس اہلکاروں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں جو اپنی جان پر کھیل کر جرائم پیشہ افراد کے خلاف ہمہ تن مصروف عمل رہتے ہیں۔

(جاری ہے)

یہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان پر جو ذمہ داریاں عائد کی گئی ہیں وہ انہیں اخلاص کے ساتھ پورا کریں گے اور جہاں تک ممکن ہو سکا اپنا فرض نبھاتے رہیں گے۔ حاجی طاہر خان نے کہا کہ جرائم کے خاتمہ کیلئے ہمیشہ اپنا مثبت کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی پولیس کے ساتھ تعاون جاری رہے گا، پرامن اور ذمہ دار معاشرہ کے قیام کیلئے ریاست کے ہر فرد اور ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔