وائس آف وکٹمز کا ذہنی امراض کے مریضوں میں مسلسل اضافے پر اظہار تشویش

کشمیر میں ذہنی امراض میں مسلسل اضافہ تشویش کا باعث ہے، عبدالقدیر ڈار

پیر 19 مارچ 2018 20:44

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2018ء) مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی تنظیم وائس آف وکٹمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عبدالقدیر ڈار نے علاقے میں ذہنی امراض کے مریضوں میں مسلسل اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عدم تحفظ کے احساس اور جنگ جیسی صورتحال کو ان امراض کی بنیادی وجہ قراردیا ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق عبدالقدیر ڈار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیر میں ذہنی امراض میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جو انتہائی تشویش کا باعث ہے۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ ایک سروے رپورٹ کے مطابق کشمیر کے ایک تہائی افراد ذہنی دبائو کا شکار ہیں۔ انہو ںنے کہاکہ رپورٹ کے مطابق تشددیا جسمانی اذیت کے خوف سے لوگوں کی ذہنی صحت پر شدید اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ رپورٹ میں کہاگیا کہ علاقے کے لوگوں کو اعصابی تنائو،ذہنی انتشار اور شدیدفکر جیسی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ عبدالقدیر ڈار نے کہا کہ اس رپورٹ میں کہا گیا کہ سب سے زیادہ متاثر بچے ہیں جو خوف ودہشت کا شکار ہیںجبکہ ان کوسکول سے متعلق مسائل بھی درپیش ہیں۔