حکومت زیادہ اخراجات محکمہ تعلیم پرکررہی ہے، پبلک سیکٹر کے تعلیمی اداروں کے نتائج پرائیویٹ تعلیمی اداروں سے بہترہیں ،ْراجہ

فاروق حیدر نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء وطالبات قوم و ملت کاعظیم سرمایہ ہیں انکی کامیابی پر اساتذہ ،والدین، تعلیمی اداروں کے سربراہان مبارکباد کے مستحق ہیں ،ْوزیر اعظم آزاد کشمیر اساتذہ طلباء وطالبات کی تعلیمی اور اخلاقی تربیت کے تمام تقاضے پورے کریں تاکہ ملک وملت کے یہ معمار عملی زندگی میں لوگوں کی خدمت کرسکیں ،ْتقریب سے خطاب

ہفتہ 24 مارچ 2018 21:52

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2018ء) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموںوکشمیرراجہ محمدفاروق حیدرخان نے کہاہے کہ حکومت سب سے زیادہ اخراجات محکمہ تعلیم پرکررہی ہے لیکن پبلک سیکٹر کے تعلیمی اداروں کے نتائج پرائیویٹ تعلیمی اداروں سے بہت بہترہیں ۔ حکومت آزادکشمیر نے معیار تعلیم کوبہتربنانے کے لیے محکمہ تعلیم میں بھرتیوں کے لیے این ٹی ایس کانفاذ عمل میں لایااورمحکمہ تعلیم سے سیاست کوپاک کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں۔

تعلیمی بورڈ میرپورکوپاکستان کے بورڈز میں امتیازی حیثیت حاصل ہونی چاہیے۔ رزلٹ کی تیاری میں شفافیت قائم رہنی چاہیے ، طلبا وطالبات کے ریکارڈ کوکسی صورت ٹمپرنہ ہونے دیاجائے۔ امتحان انٹرمیڈیٹ وثانوی میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء وطالبات قوم اور ملت کاعظیم سرمایہ ہیں ان کی کامیابی پران کے اساتذہ ،والدین، تعلیمی اداروں کے سربراہان مبارکباد کے مستحق ہیں۔

(جاری ہے)

اساتذہ نصابی وہم نصابی تعلیمی سرگر میوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ طلباء وطالبات کی تعلیمی اور اخلاقی تربیت کے تمام تقاضے پورے کریں تاکہ ملک وملت کے یہ معمار عملی زندگی میں بہترطریقے سے لوگوں کی خدمت کرسکیں۔ان خیالات کااظہار انھوںنے آزادجموں وکشمیرانٹرمیڈیٹ وثانوی تعلیمی بورڈکی سالانہ تقریب تقسیم انعامات وتمغہ جات سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تعلیمی بورڈ کی چیئرپرسن محترمہ انجم افشاں نقوی نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے سالانہ پراگرس رپورٹ پیش کی ،سٹیج سیکرٹری کے فرائض تعلیمی بورڈ کے سیکرٹری پروفیسر محمدشہپال راجہ نے سرانجام دیئے۔ تقریب میںوزیر ہائیر ایجوکیشن سید افتخارگیلانی، وزیرخوراک سید شوکت شاہ، ممبراسمبلی چوہدر ی رخسار احمد، سیکرٹری ہائیرایجوکیشن زاہدعباسی، وائس چانسلر مسٹ یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹرراجہ حبیب الرحمان،ڈائریکٹرجنرل اطلاعات راجہ اظہراقبال خان ، ڈپٹی کمشنرانصریعقوب، ایس ایس پی سید ریاض حیدربخاری، ناظم جنگلا ت سردارنصیراحمدخان، ڈویژنل ڈائریکٹر کالجز پروفیسرطاہرفاروق، سابق چیئرمین بورڈ پروفیسر ظہیرچوہدری، محترمہ صفیہ اکرم ، شاہدجرال،سابق امیدواراسمبلی نذیرانقلابی، ایڈمنسٹریٹرضلع کونسل چیئرمین عبدالمالک،محترمہ پروفیسر ریحانہ اصغرکے علاوہ سکولوں وکالجوں کے سربراہان، پرنسپل صاحبان ،صدرمعلمین ومعلمات ،ماہرین تعلیم اورزندگی کے ہرمکتبہ فکرسے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیرتعداد موجود تھی۔

وزیراعظم آزادکشمیرراجہ محمدفاروق حیدرخان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء وطالبات کومبارکباد دیتے ہوئے اس توقع کااظہار کیاکہ وہ ملک وملت کاعظیم سرمایہ ہیں۔ انھوں نے جس طرح اپنے تعلیمی کیریئر میں نمایاں مقام حاصل کیاہے اس طرح وہ قوم اورملک کی خدمت کاشعاربنائیں اور اپنے علم کی روشنی سے دوسروں کوبھی منورکریں۔

انھوں نے اساتذہ کرام اوروالدین کوبھی مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ کوئی قوم اورملک تعلیم کے بغیرترقی کی منازل طے نہیں کرسکتی۔ وزیراعظم نے کہاکہ ہم نے محکمہ تعلیم میں بڑی اصلاحات لائی ہیں جس کے باعث محکمہ تعلیم سے سیاست کاخاتمہ کسی حد تک کم ہواہے۔ این ٹی ایس کے نفاذ سے معیار تعلیم میں مزید بہتری آئے گی۔ اساتذہ کی تربیت کے لیے ریفریشرکورسز شروع کروائے جارہے ہیں۔

تعلیمی نصاب میں بہتری لائی جارہی ہے۔اس وقت آزادکشمیرمیں 5 یونیورسٹیاں،3 میڈیکل کالجز،سینکڑوںڈگری وانٹرکالجز اورسکولوں سمیت دیگر پبلک اورپرائیویٹ تعلیمی ادارے کام کررہے ہیں۔ پرائیویٹ تعلیمی ادارے نتائج کے مقابلہ میں پبلک تعلیمی اداروں سے بہت آگے ہیں یہ ایک حوصلہ افزاء بات ہے۔انھوں نے کہاکہ آج آزاد کشمیر میں جو کچھ ترقی ہوئی ہے اس میں سب حکومتوں کاحصہ شامل ہے ۔

ہم نے گذشتہ 70 سالوں میں بہت کچھ حاصل کرلیاہے لیکن اخلاقی اقدار میں کمی ہورہی ہے۔ اخلاقی اقدارکوبہترکرنے کے لیے اساتذہ اپنارول اداکریں۔ انھوں نے کہاکہ دنیامیں مقابلہ اورآگے بڑھنے کاواحد راستہ تعلیم ہے۔اساتذہ نئی نسل کوقومی مقاصد سے آگاہ کریں اور ان کی کردار سازی جدیدخطوط پرکی جائے۔ انھوں نے نہایت ہی افسوس کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ حالیہ این ٹی ایس میں آزادکشمیر کے 36 ہزارطلباوطالبات شامل ہوئے لیکن بدقسمتی سے صرف6 ہزار پاس ہوئے۔

30 ہزار کے فیل ہونے کی وجہ ہمارانظام تعلیم ہے جس میں سفارشی ٹیچربھرتی کیے گئے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ اساتذہ ،والدین اور طلباء کے باہمی تعلقات کوفروغ دیاجائے۔ محکمہ تعلیم کوسیاست سے پاک کرناہوگا تب جاکر معیار تعلیم بہترہوگا۔ انھوں نے کہاکہ سفارشی کلچر نے بہت تباہی کی ہے ہم نے ماضی کی مثالیں ختم کردی ہیں۔ این ٹی ایس کے نفاذ سے اگرچہ مجھے سیاسی طور پر بڑا نقصان ہواہے تاہم میراضمیر مطمئن ہے کہ میں نے حقدار کواس کاحق دینے کاراستہ کھول دیاہے۔

انھوں نے کہاکہ پراپرٹی ٹیکس سابقہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے نہ صرف میرپوربلکہ سارے آزادکشمیر پرلگایاتھا اس میں ہماراکوئی قصورنہیں ہے۔ انھوں نے کہاکہ میرپورکی تباہی اوربربادی میں تمام جماعتیں شامل رہی ہیں۔ پلاٹوں کی خرید وفروخت کرکے کرپشن کی گئی۔ اگر پوسٹ مارٹم کرنے لگاتوپھرسب کوبرالگے گا۔ انھوں نے کہاکہ مجھے مظفرآباد سے زیادہ میرپور اچھالگتاہے۔

اہلیان میرپورکی عظیم قربانیاں ہیں میرپورکی ترقی میں حکومتوں سے زیادہ اہلیان میرپورکابڑااہم رول ہے۔ میرپور کی تعمیروترقی اورلوگوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کیے جائیں گے۔ وزیراعظم نے کہاکہ آزادکشمیر بھرمیں نصابی وہم نصابی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ کھیل کے میدان بھی بنائے جائیں گے تاکہ طلباء وطالبات کوصحت مندانہ سرگرمیوں کاماحول فراہم کیاجاسکے۔

قبل ازیں وزیراعظم راجہ محمدفاروق حیدرخان نے امتحان سالانہ انٹرمیڈیٹ وثانوی 2017 میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء وطالبات میں سونے،کانسی اور سلورکے میڈل ،نقد انعامات اور سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔ وزیراعظم نے تعلیمی بورڈ میرپور کے زیراہتمام کھیلوں کے مقابلہ جات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے تعلیمی اداروں کے سربراہان میں شیلڈز بھی تقسیم کیں۔

متعلقہ عنوان :