حلقہ کے عوام کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں، اربوں کے فنڈز ترقیاتی منصوبوں کیلئے لیکر آئے ہیں۔ وفاقی وزیر مذہبی امور

لله

پیر 26 مارچ 2018 22:09

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2018ء) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ این اے 20- ان کا گھر ہے اور وہ پورے حلقہ کے عوام کے مسائل سے بخوبی واقف ہیں، اربوں روپے کے فنڈز ترقیاتی منصوبوں کیلئے لیکر آئے ہیں، موٹر وے، سوئی گیس، بجلی و پانی سمیت دیگر منصوبے ہماری حکومت کے کارنامے ہیں۔ وہ گذشتہ روز جالگلی جھنگڑی سڑک کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ناظم سردار سید غلام، ڈسٹرکٹ ممبر حاجی سردار عبدالقدیر، ویلج ناظمین، حاجی محمد یوسف، سردار محمد اشرف، سردار ساجد و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ سردار محمد یوسف نے کہا ہمارا مقصد یہ ہے کہ ہم اتحاد و اتفاق سے رہیں، ہم ایک کشتی کے سوار ہیں، کشتی میں اگر سوراخ ہو جائے تو کشتی ڈوب جاتی ہے، انہیں یقین ہے کہ آپ لوگ اتحاد و اتفاق برقرار رکھیں گے، ہماری کامیابی بھی اسی میں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ الیکشن 2018ء سر پر آن پہنچا ہے، الیکشن ایک حلقہ کا نہیں بلکہ پورے ضلع کا ہے، دو قومی اور پانچ صوبائی اسملبی کی نشستیںہیں، آپ لوگوں کی مشاورت سے ہمیشہ فیصلے کئے ہیں، اتحاد و اتفاق کی وجہ سے تمام برادریوں کے لوگ ہمارے ساتھ ہیں۔ سردار محمد یوسف نے کہا کہ وہ بلاتفریق عوامی مسائل حل کر رہے ہیں، 1979ء سے جالگلی جامعہ مسجد سے ہم نے اپنی سیاست کا آغاز کیا تھا، ہر گائوں سے چیدہ چیدہ لوگوں نے ابتداء کی تھی، اخلاص سے قدم آگے بڑھائے تھے اور چھ دفعہ کامیاب ہوئے اور آج بھی ہر گائوں سے نمائندہ لوگ موجود ہیں، ان بزرگوں کیلئے دعا کریں جنہوں نے اس مقصد میں قربانیاں دیں اور حج انتظامات میں بہتری لائی گئی اس کا ثواب بھی انہیں پہنچے گا اور بلاتفریق عوامی مسائل حل کئے۔

انہوں نے کہا کہ پہاڑوں کی چوٹیوں پر سڑکیں، بجلی، سکول، پانی اور صحت کی سہولیات پہنچائی ہے، چھوٹے موٹے اربوں روپے کے منصوبے ہر یو سی کو دیئے ہیں، 95 فیصد بجلی ضلع میں موجود ہے، تمام کچی سڑکوں کو پختہ کر دیا گیا ہے، کسی کے پراپیگنڈوں پر کان نہ دھریں، مخالفین طرح طرح کے پراپیگنڈے کریں گے، ہر شخص اپنی اپنی ذمہ داریاں پورے کر کے مشن کو آگے بڑھائیں۔

متعلقہ عنوان :