ہٹیاں بالا ‘امراساون میں 13سالوں قائم پرائیویٹ تعلیمی ادارے کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیل کرنے پر تحریک انصاف کا شدید احتجاج

بدھ 28 مارچ 2018 23:00

ہٹیاں بالا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 مارچ2018ء) امراساون میں 13سالوں قائم پرائیوٹ تعلیمی ادارے کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیل کرنے پر تحریک انصاف کا شدید احتجاج۔ دنیا بھرنئے نئے میں تعلیمی ادارے قائم ہورہے ہیں اور ہماری حکومت تعلیمی ادارے بند کررہی ہے۔ انتقامی کاروائیوں اور تعلیم کش پالیسی کو روکا نہ گیا تو گائوں گائوں شہر شہر احتجاج ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن و سابق امیدوار اسمبلی سید ذیشان حیدر ، پی ٹی آئی کے سینئر رہنما ء لیاقت علی اعوان،رانا سفیرسلہریا، سٹوڈنٹ رہنماء حیدر آزاد، ظہور نقوی، راجہ انس بشیر، تصور حسین اور دیگر نے امراساون نجی تعلیمی ادارے کے دورہ کے بعد چناری میں تحریک انصاف کے کیمپ آفس میں اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے رہنمائوں نے کہا کہ ذاتی عناد اور سیاسی اختلاف کی بنیاد پر ضلع جہلم ویلی کے سینکڑوں پرائیوٹ تعلیمی اداروں کو چھوڑ کر صرف ایک تعلیمی ادارے کو نشانہ بنانا کسی صورت قبول نہیں۔چند روز قبل سکول کے سالانہ نتائج کے موقع عوام علاقہ نے ڈی سی ہٹیاں بالا کی جانب سے پروفیسر جمیل حسین پر تشدد کے خلاف آواز اٹھائی اور استاد کی عزت و حرمت کا درس دیا گیا۔

اس بات پر ڈی سی ہٹیاں کی انا کو تسکین پہنچانے کیلئے ضلعی انتظامیہ ، اور ضلعی آفیسران محکمہ تعلیم نے ہنگامی طور پر امرا ساون کا یہ سکول سیل کر دیا۔سینکڑوں طلبہ کا مستقبل تاریک کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جا سکتی ہمارا معاشرہ اخلاقیات اور روایات کا پاسدار ہے۔ قانون کو ذاتی مفادات کے حصول کیلئے استعمال کرنا مسلم لیگی حکومت کا پرانہ وطیرہ ہے۔

اس تعلیمی ادروں میں 25سے زائد غریب و یتیم بچوں کو مفت تعلیم دی جاتی رہی ہے۔ زلزلہ کے بعد جب سرکاری سکول کا نظام ،مفلوج ہو چکا تھا اس وقت بھی اسی نجی تعلیمی ادارے درس و تدریس کا سلسلہ جاری رکھا ۔ تحریک انصاف کے رہنمائوں نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ کو متنبہ کرتے ہوئے کہان کہ ذاتی عناد اور سیاسی اختلاف کی بنیاد پر تعلیم کش پالیسی کو رترک کیا جائے وگرنہ تحریک انصاف شدید احتجاج کرے گی ۔ سرکاری ملازمین حکمرانوں کی لونڈی بننے کی بجائے عوام کی خدمت کریں۔تحریک انصاف کی حکومت پاکستان میں قائم ہوتے ہی، کرپٹ افسروں کو جیلوں میں ڈالا جائے گا۔