آزاد حکومت کی جانب سے میٹرک پاس اساتذہ کی فراغت اہم فیصلہ ہے،مختار گیلانی

اتوار 15 اپریل 2018 13:10

ْمظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2018ء)حکومت آزادکشمیر کی جانب سے میٹرک پاس اساتذہ کی فراغت اہم ترین فیصلہ ہے ،حکومتی فیصلے سے اساتذہ باعزت طور پر ریٹائرڈ ہوں گے جب کہ نئے تعلیم یافتہ لوگوں کی بھرتی سے معیار تعلیم میں اضافہ ہو گا جس سے دورس نتائج مرتب ہوں گے ،کسی بھی ملک کی ترقی کا راز تعلیم میں مضمر ہے ،وزیراعظم راجا فاروق حیدر،وزیر تعلیم بیرسٹر افتخار کی جانب سے تعلیم کی بہتری کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو آزادکشمیر کا ہر طبقہ قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ،وزیراعظم آزادکشمیر راجا فاروق حیدر نے ریاست کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے ،دو سال کے عرصہ میں ریاست کے اندر جتنی اصلاحات لائی گئیں ان کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی ،مسلم لیگ (ن) کی حکومت پانچ سال میں ریاست کا نقشہ بدل کر رکھ دے گی ،آزادکشمیر کابینہ میں اضافے سے محکموں کی کارکردگی میں اضافہ ہو گا اور ساتھ ہی کارکنان کے مسائل حل ہوں گے ،مسلم لیگ (ن) کے کارکنان راجا فاروق حیدر کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں ،آئندہ الیکشن میں مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کے کارکنان پاکستان میں اپنی جماعت کے ٹکٹ ہولڈرز کی بھرپور انتخابی مہم چلائیں گے ،ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) آزادجموں وکشمیر کے مرکزی جائنٹ سیکرٹری پیر سید مختار احمد گیلانی نے گزشتہ روز یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انھوں نے کہا کہ وزیراعظم کا حالیہ دورہ یورپ تحریک آزادی کشمیر پر مثبت اثرا ت مرتب کرے گا ،لندن میں بھارتی وزیراعظم مودی کی آمد کے موقع پر وزیراعظم خود کشمیری عوام کے احتجاج کی قیادت کریں گے جس سے اُس پار کشمیریوں کے حوصلے مزید مضبوط ہوں گے ۔