بلوچستان کی جامعات سے الحاق شدہ کالجز کی فیکلٹی اور امتحانی عملہ کی5 روزہ ٹریننگ، 35 سے زائد ممبران کی شرکت

پیر 16 اپریل 2018 16:40

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2018ء) ہائر ایجوکیشن کمیشن اکیڈمک ڈویژن نے یونیورسٹی آف بلوچستان کے تعاون سے بلوچستان کی جامعات سے الحاق شدہ کالجز جو کہ چار سالہ بی ایس ڈگری پروگرام کراتے ہیں، کی فیکلٹی اور امتحانی عملہ کو سمسٹر امتحانی نظام سے متعلق 5 روزہ ٹریننگ فراہم کی۔ اس ٹریننگ پروگرام میں 35 سے زائد فیکلٹی ممبران اور امتحانی عملے نے شرکت کی۔

اس ٹریننگ کا مقصد ہائر ایجوکیشن کمیشن کی الحاق شدہ کالجوں میں سمسٹرامتحانی نظام سے متعلق پالیسی پر عملدرآمد کرانا اور امتحانات کی تیاری کے طریق کار اور طلباء کی پرفارمنس کی جانچ پڑتال کے طریقہ کار کا تعارف کرانا تھا۔ ایسوسی ایٹ پروفیسر یونیورسٹی آف سرگودہا ڈاکٹر محمد سرور اور کنٹرولر ایگزامینیشن لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر طاہرہ مغل ٹریننگ کے ریسورس پرسنز تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ٹریننگ کے شرکاء کو ہائر ایجوکیشن کمیشن کے سمسٹر سسٹم سے متعلق رہنما اصولوں کے بارے میں تفصیل سے بتانے کے ساتھ ساتھ مختلف پروگراموں کی مطالعہ کی سکیم، ایڈمیشن پالیسی، ڈگری کے لوازمات، سی جی پی اے، طلباء کی سیکھنے کی صلاحیت کو جانچنے کے مختلف طریقہ کار اور مختلف النوع امتحانات کی تیاری کے بارے میں آگاہی دی۔ وائس چانسلر یونیورسٹی آف بلوچستان کوئٹہ ڈاکٹر جاوید اقبال نے ٹریننگ کی اختتامی تقریب میں شرکت کی اور ٹریننگ کے آرگنائزرز کی کوششوں کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :