مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف برطانوی پارلیمنٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

منگل 17 اپریل 2018 16:20

لندن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے ڈھانے جانے والے مظالم کے خلاف لندن میں دولت مشترکہ کے سربراہ اجلا س کے پہلے روز خواتین اور بچوں کی بڑی تعدادنے برطانوی پارلیمنٹ کے سامنے جمع ہوکرزبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق برطانیہ کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والی خواتین نے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی اور انہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔

وہ مقبوضہ کشمیر پر بھارتی تسلط کاخاتمہ اورکٹھوعہ کی کم سن آصفہ کے لیے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کررہی تھیں۔ احتجاجی مظاہرین نے دولت مشترکہ کے رہنمائوں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں اور حق خودارادیت کے حصول میں کشمیریوں کی مدد کریں۔

(جاری ہے)

حریت رہنما شمیم شال احتجاجی مظاہرین کی قیادت کررہی تھیں۔

دختران ملت کی چیئر پرسن آسیہ اندرابی اور کشمیر تحریک خواتین کی سربراہ زمرودہ حبیب نے شرکاء سے سرینگر سے ٹیلیفون پر خطاب کیا۔ یورپی پارلیمنٹ کی رکن جولی وارڈنے کشمیری خواتین اور بچوں کے لیے اپنی بھرپور حمایت کا اظہار کیاجبکہ سورویا بویود نے کشمیری عوام کے لیے حق خودارادیت کا مطالبہ کیا۔ لارڈ نذیر احمد ، رکن پارلیمنٹ کیلون ہاپکن ،سابق ڈپٹی میئر عاصمہ راٹھور، قونصلرشاہدہ، عظمت جمیل ، انجم جرال اور بلقیس راجہ نے بھی احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی۔