قومی ریسلنگ ٹیم کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کے بعد (کل)واپس وطن پہنچے گی

استقبال کی تیاریاں مکمل، محمد انعام نے گیمز میں طلائی، طیب رضا اور بلال نے کانسی کے تمغے جیتے تھے

منگل 17 اپریل 2018 19:39

قومی ریسلنگ ٹیم کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کے بعد (کل)واپس وطن پہنچے گی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2018ء) قومی ریسلنگ ٹیم آسٹریلیا میں منعقدہ کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کے بعد (کل) بدھ کی صبح واپس وطن پہنچے گی، ریسلرز کے والہانہ استقبال کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، پاکستانی ریسلر محمد انعام بٹ نے گیمز میں پاکستان کیلئے واحد طلائی تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا جبکہ طیب رضا اور محمدبلال نے کانسی کے تمغے جیتے تھے۔

(جاری ہے)

منگل کو پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری چوہدری محمد ارشد ستار نے اے پی پی کو بتایا کہ ریسلرز نے میگا گیمز میں بہترین نتائج دے کر بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کیا اور اب ہم بھی قومی ہیروز کا پرتپاک استقبال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم آج بدھ صبح ساڑھے سات بجے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ لاہور پہنچے گی، ہیروز کے پرتپاک استقبال کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔