پاکستانی مارشل آرٹسٹ عرفان محسود کا نیا عالمی کارنامہ، گینیز ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا

انہوں فنگر ٹپ پش اپس کے شعبے میں ناروے کے ایتھلیٹ سویری ڈائسن کا گینیز ورلڈ ریکارڈ توڑا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 19 اکتوبر 2025 21:09

پاکستانی مارشل آرٹسٹ عرفان محسود کا نیا عالمی کارنامہ، گینیز ورلڈ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 اکتوبر2025ء) پاکستان کے معروف مارشل آرٹسٹ عرفان محسود نے ایک بار پھر دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کرتے ہوئے نیا عالمی کارنامہ سرانجام دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق عرفان محسود نے فنگر ٹپ پش اپس کے شعبے میں ناروے کے ایتھلیٹ سویری ڈائسن کا گینیز ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا، سویری ڈائسن نے ایک منٹ میں 80 پاؤنڈ وزن کے ساتھ 38 فنگر ٹپ پش اپس کیے تھے، جس کے مقابلے میں عرفان محسود نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ایک منٹ میں 42 پش اپس مکمل کرکے نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔

بتایا گیا ہے کہ عرفان محسود پش اپس کیٹیگری میں دنیا کے سب سے زیادہ 70 ورلڈ ریکارڈز اپنے نام کرچکے ہیں، وہ اب تک 100، 80، 60 اور 40 پاؤنڈ وزن کے ساتھ سب سے زیادہ عالمی ریکارڈ قائم کرنے والے ایتھلیٹ ہیں، انہوں نے مارشل پش اپس، سکواٹس، سٹیپ اپس، نی سٹرائکس، ایلبو سٹرائکس، ہائی جمپس اور اسٹار جمپس جیسی مختلف کیٹیگریز میں بھی عالمی ریکارڈز قائم کیے ہیں۔

(جاری ہے)

عرفان محسود نے کہا ہے کہ انہیں سال 2023ء میں صدارتی ایوارڈ برائے حسنِ کارکردگی ملنا اُن کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے، گزشتہ 9 سالوں کے دوران 150 گینیز ورلڈ ریکارڈز بنانے والا پہلے پاکستانی ہونے پر مجھے بے حد خوشی ہے، اس کے علاوہ میرے 20 شاگردوں نے بھی مختلف کیٹیگریز میں عالمی ریکارڈ قائم کرکے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کیا ہے۔