آرٹس کونسل میں جاری تھیٹر فیسٹیول کو معین اختر اور شہناز صدیقی کے نام کر دیا۔ صدر آرٹس کونسل

منگل 17 اپریل 2018 21:24

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2018ء) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے صدر محمد احمد شاہ نے کہا ہے کہ شہر میں عوامی تھیٹر کی بحالی پر کام شروع کر دیا گیا ہے، آرٹس کونسل میں عوامی تھیٹر فیسٹیول اسی سلسلے کا آغاز ہے اس تھیٹر کو معین اختر اور شہناز صدیقی کے نام کیا جاتا ہے کیونکہ ان دونوں شخصیات نے ملک میں تھیٹر کے فروغ میں گرانقدر خدمات انجام دیں۔

منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوپن ایئر تھیٹر میں آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیراہتمام عوامی تھیٹر فیسٹیول کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تھیٹر فیسٹیول 28 اپریل تک جاری رہے گا اور ہر روز رات 8 بجے اسٹیج پلے پیش کیا جائے گا، اس فیسٹیول میں پاکستان کی قومی زبان اردو کے ساتھ ساتھ علاقائی زبانوں سندھی، پنجابی، سرائیکی اور پشتو میں ڈرامے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

محمد احمد شاہ نے کہا کہ 13 روزہ عوامی تھیٹر فیسٹیول میں 14 سے زائد معیاری ڈرامے عوام کے لئے مفت پیش کئے جا رہے ہیں، اس کا مقصد عوام اور خصوصاً ممبران کو مفت تفریح سہولتیں مہیا کرنے کے علاوہ شہر کے آرٹسٹوں کو روز گار مہیا کرنا بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی بہت افسردہ ہے، شہناز صدیقی ہماری ٹیم کا حصہ تھے انہوں نے 20 سال تک کراچی آرٹس کونسل میں آرٹسٹوں کی خدمت اور اسٹیج ڈراموں کو توسیع دی، شہناز صدیقی کی تھیٹر کے حوالے سے خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ معین اختر کے انتقال اور عمر شریف کی بیماری سے شہر میں اسٹیج ڈراموں میں کمی آئی تھی، اب ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اس کو دوبارہ بحال کیا جائے ہم شہریوں کو تفریح اور اپنے آرٹسٹوں کو باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرتے رہیں گے، اس تھیٹر کو معین اختر اور شہناز صدیقی کے نام کیا جاتا ہے۔ آرٹس کونسل کے سیکرٹری اعجاز فاروقی نے کہاکہ شہناز صدیقی بہترین انسان تھے انہوں نے آرٹس کونسل میں گرانقدر خدمات انجام دیں۔ اس موقع پر ممبران گورننگ باڈی اقبال لطیف، اسجد بخاری، کاشف گرامی، بشیر سدوزئی، سینئر ممبر محبوب الحسن اور آدم راٹھور بھی موجود تھے۔