نوجوانوں کی تعلیم و تربیت میں اسا تذہ اور تعلیمی اداروں کا اہم کردار ہے، حقیقی انقلاب کی راہ ہموار کرنے کیلئے نفرتوں کو ختم کرنا ہو گا، تحصیل نائب ناظم ایبٹ آباد سردار شجاع اور پرنسپل عبدالرشید کا ہائیر سیکنڈری سکول بگنوتر میں تقسیم انعامات کی پروقار تقریب سے خطاب

بدھ 18 اپریل 2018 14:45

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء) نوجوانوں کی تعلیم و تربیت میں اسا تذہ اور تعلیمی اداروں کا اہم کردار ہے، ان کی سرپرستی ہم سب کا بنیادی فرض ہے، یونین کونسل کے سرکاری تعلیمی ادارے کردار سازی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، گورنمنٹ بوائز پرائمری سکول بانڈی میرا نے یونین کونسل میں پہلی تین پو زیشنیں حاصل کر کے اپنے ادارے کا نا م روشن کیا، دیگر سکولوں نے بھی اپنا کردار موثر انداز میں ادا کیا جو ضلع بھر کے پرائمری سکولز میں ماڈ ل کی حیثیت رکھتے ہیں، طلباء آگے بڑھیں اور ملک میں رشوت، کرپشن اور اقرباء پروری کے خاتمہ کیلئے کردار ادا کریں۔

ان خیالات کا اظہار تحصیل نائب ناظم سردار شجاع احمد اور پرنسپل عبدالرشید نے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول بگنوتر میں تقسیم انعامات کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دنیا میں جتنے بھی انقلاب پرپا ہوئے ان کے پیچھے اساتذہ کا ہا تھ ہے، قوم انسانیت کی معراج پر پہنچانے کیلئے ہردور میں اساتذہ نے اہم کردار ادا کیا، نوجوانوں کی تعلیم و تربیت میں اساتذہ اور تعلیمی ادارے اہم کردار ادا کرتے ہیں اور جن اقوام نے تعلیم پر خصوصی توجہ دی آج وہ پوری دنیا پر حکمرانی کر رہے ہیں، جن اقوام نے تعلیم سے روگردانی کی آج وہ پستی اور تنزلی کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام وہ واحد مذہب ہے جس نے تعلیم اور تربیت پر خصوصی توجہ دی، پہلی وحی جو نبی کریم پر الله کی طرف سے نازل ہوئی لفظ اقراء سے شروع ہوئی جس کا مطلب ہے پڑھ اس بات سے بخوبی اندازہ ہوتا ہے کہ اسلام میں تعلیم پر کتنا زور دیا گیا ہے لیکن بدقسمتی سے عالم اسلام نے اپنے اسلاف کے نظریہ کو چھوڑ دیا اور تعلیم و سائنس سے روگردانی کی جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ ہم اغیار کے غلام ہو گئے۔

سردار شجاع نے کہا کہ پورے عالم اسلام میں آج ایک بھی معیاری یونیورسٹی قائم نہیں جو افسوسناک بات ہے جہاں طلباء آگے بڑھیں، حقیقی انقلاب کی راہ ہموار کرنے کیلئے ان کو نفرتوں کا خاتمہ کرنا ہو گا اور محبتوں کے فروغ کیلئے کردار ادا کرنا ہو گا۔ اس مو قع پر انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ پرائمری سکول بانڈی میرا یونین کونسل کا بہترین تعلیمی ادارہ ہے جس کا ثبوت یہ ہے کہ جماعت پنجم کے امتحان میں اس سکول کے طلبا ء نے پہلی تینوں پوزیشنیں اپنے نام کی، ہم اس سکول کے ہیڈ ٹیچر راجہ نذیر احمد خان اور ان کے ماتحت دیگر اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے دن رات ایک کر کے ادارے کو چار چاند لگائے، ہمیں یقین ہے کہ یونین کونسل کے دیگر سکولز بھی ان کی تقلید کرتے ہوئے اگلے سال بہترین نتائج دیں گے تاہم دیگر سکولوں کے طلباء بھی نمایاں رہے جس سے اندازہ ہوتا ہے اس سرکل کے پرائمری سکول کے اساتذہ انتہائی محنتی، قابل اور اپنے پیشہ سے مخلص ہیں، ان اساتذہ کی حوصلہ افزائی ہم سب کا فرض ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں پورے علاقہ میں ایک مشنری جذبہ سے کام جا ری ہے۔ اس موقع پر تحصیل نائب ناظم سردار شجاع احمد اور پرنسپل عبدالرشید نے یونین کونسل میں قائم تمام پرائمری سکولز اور ہائر سیکنڈری سکول بگنوتر میں سالانہ امتحان میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء میں انعامات تقسیم کئے جبکہ مستحق طلباء و طالبات میں لاکھوں روپے مالیت کا سٹیشنری اور یونیفارم تقسیم کیا۔ حوصلہ افرائی کرنے پر پی ایس ایچ ٹی مشتاق احمد نے تمام پرائمری سکولز کی طرف سے تحصیل نائب ناظم سردار شجاع اور پرنسپل عبدالرشید کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں تمام پرائمری سکول کے ہیڈ ٹیچرز، ہائی سکول کے اساتذہ بگنوتر کے بلدیاتی نمائندگان نے شرکت کر کے تقریب کو چار چاند لگائے۔

متعلقہ عنوان :