ٹورنٹو میں قونصلیٹ جنرل آف پاکستان کے زیر اہتمام ’’پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع‘‘ کے عنوان سے پاکستان ہائوس میں سیمینار کا انعقاد،

پاکستان کی بڑی آبادی اور جغرافیائی سٹریٹجک علاقہ ہونے کی حیثیت سے سرمایہ کاری کے لئے بہترین ملک ہے،وزیر مملکت نعیم زمیندار پاکستان کاروبار کرنے کے لئے موزوں جگہ ہے،ہمارے اقتصادی اشاریئے مثبت ہیں، قونصل جنرل آف پاکستان عمران احمد صدیقی

بدھ 18 اپریل 2018 15:15

ٹورنٹو میں قونصلیٹ جنرل آف پاکستان کے زیر اہتمام ’’پاکستان میں سرمایہ ..
اسلام آباد ۔18 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء) پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے اور پاکستان میں تجارتی اور سرمایہ کاری کے مواقع سے متعلق آگاہی کے لئے ٹورنٹو میں قونصلیٹ جنرل آف پاکستان نے ’’پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع‘‘ کے عنوان سے پاکستان ہائوس میں سیمینار منعقد کیا۔ یہاں موصول ہونے والے بیان کے مطابق سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین اور وزیر مملکت نعیم زمیندار نے شرکاء کو سکائپ پر براہ راست پریزنٹیشن دی۔

سیمینار میں اونتاریو چیمبر آف کامرس کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر، نائب صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جے سی ایم پاور، رابسن کیپیٹل کے چیئرمین، مورگن سولر کے چیئرمین، سٹک مین ایلیٹ کے پارٹنر، میڈاس سیفٹی کے ڈائریکٹر، سی ایم آئی گروپ کے چیئرمین اور گریویتاس فنانشل اور پولارس کیپیٹل پاور کے نمائندوں سمیت بڑی تعداد میں معروف کاروباری و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے اپنی پریزنٹیشن میں کہا کہ حکومت پاکستان نے کاروبار میں آسانی پیدا کرنے اور سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے سازگار ماحول فراہم کر رہا ہے کیونکہ پاکستان کی بڑی آبادی اور جغرافیائی سٹریٹجک علاقہ ہونے کی حیثیت سے یہ سرمایہ کاری کے لئے بہترین ملک ہے۔ حالیہ بین الاقوامی سروے اور رپورٹوں میں پاکستان کی درجہ بندی میں بہتری کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری اور اس کے تحفظ کے لئے پاکستان کے باضابطہ طریقہ کار کو سراہا گیا ہے۔

سازگار کاروباری ماحول سے متعلق شرکاء کو بتایا گیا کہ حکومت نے کمپنی کے قیام کے لئے ون ونڈو کی سہولت فراہم کی ہے۔ قانون میں ترسیلات زر پر رائیلٹی، ٹیکنیکل اور فرنچائز فیس، منافع اور حاصل شدہ منافع کی 100 فیصد واپسی کی اجازت دی گئی ہے اور مشینری اور پلانٹ کی درآمد پر ایک مرتبہ ڈیوٹی سے استثنیٰ بھی فراہم کیا گیا ہے۔ قبل ازیں قونصل جنرل آف پاکستان عمران احمد صدیقی نے شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کاروبار کرنے کے لئے موزوں جگہ ہے اور یہ اس کے لئے موزوں وقت ہے۔

ہمارے اقتصادی اشاریئے مثبت ہیں اور ہم جدت اور ٹیکنالوجی پر توجہ دے رہے ہیں۔ وسیع تناظر میں انفراسٹرکچر کو ترقی دی جا رہی ہے جس کے باعث معاشی اشاریئے مستحکم ہو رہے ہیں۔ آپ کی پاکستان میں کاروبار کرنے میں دلچسپی پر میں شکر گذار ہوں۔ شرکاء نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے مراعات اور پیشکشوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سرمایہ کاری کے مواقع میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔

متعلقہ عنوان :