ہندوستان کی پالیسی ہے کہ کشمیریوں کی پر امن جدوجہد کے خلاف پروپیگنڈا کیا جائے‘ ہمیں دنیا کو بتانا ہے کہ کشمیری اپنی پر امن جدوجہد کو جاری رکھے ہوئے ہیں ‘وہاں صرف ہندوستان دہشتگردی کررہاہے

سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی شاہ غلام قادر کی اسرار ہمدانی، عدنان فاطمی سردار وقار‘ہدایت چوہدری سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 18 اپریل 2018 18:41

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 اپریل2018ء) سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی شاہ غلام قادر سے اسرار ہمدانی، عدنان فاطمی سردار وقارہدایت چوہدری نے ان کے آفس میںملاقات کی اس موقع پر سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی شاہ غلام قادرنے کہا ہے کہ ہندوستان کی پالیسی ہے کہ کشمیریوں کی پر امن جدوجہد کے خلاف پروپیگنڈا کیا جائے۔ ہمیں دنیا کو بتانا ہے کہ کشمیری اپنی پر امن جدوجہد کو جاری رکھے ہوئے ہیں اور وہاں صرف ہندوستان دہشتگردی کررہاہے۔

ہندوستان نے کشمیر میں جلسے، جلوسوں اور ریلیوں سمیت نقل و حرکت پر پابندی عا ئد کر رکھی ہے اور وہاں اپنی 7لاکھ سے زائد افواج تعینات کررکھی ہے۔ دنیا کو سمجھ لینا چاہیے کہ کشمیر دو طرفہ مسئلہ نہیں، کشمیر کے اندر جو مظالم ڈھائے جا رہے ہیں اس کی مثال کہیں نہیں ملتی، چند روز قبل مقبوضہ کشمیر میں 8سال کی بچی کو نشہ آوردوا کھلا کر اسے زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد اس کے اعضاء کاٹ دیے گئے اوراسے بے دردی سے شہید کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

، کشمیر پر معاملے پر ہم سب اکھٹے ہیں اور اللہ کے فضل و کرم سے اکھٹے رہیں گے۔ پوری دنیا میں جہاں کہیں بھی کشمیری آباد ہیں انہیں مظلوم کشمیریوں کی آواز کوبلند کرنا ہوگا ہم نے متحد ہوکرمظلوم کشمیریوں کی آواز کو دنیا تک پہچانا ہے اور دنیا کو بتانا ہے کہ ہندوستانی فورسز کس طرح معصوم کشمیریوں کا خون بہا رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہندوستان طاقت کے زور سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو سر دکرنے کی ناکام کوشش کررہا ہے۔ کشمیریوں نے اس تحریک کو اپنے خون سے زندہ رکھا ہوا ہے،دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوں کے جذبہ حریت کو سرد نہیں کر سکتی۔