وزیر اعظم نے (ن) لیگی رکن قومی اسمبلی شیخ وسیم کی طرف سے عدلیہ مخالف نعرے بازی کا سخت نوٹس لے لیا

پارٹی کے چیف ویپ شیخ آفتاب احمد کو معاملے پر ایکشن لینے کی ہدایت کردی مقامی پولیس نے شیخ وسیم سمیت بعض مقامی لیگی رہنمائوں اور کارکنوں کے خلاف مقدمات درج کرلیے، متعدد گرفتارریمانڈ کیلئے (آج ) مقامی عدالت میں پیش کیا جائے گا،شیخ وسیم کی گرفتاری کیلئے کوششیں جاری

بدھ 18 اپریل 2018 18:50

وزیر اعظم نے (ن) لیگی رکن قومی اسمبلی شیخ وسیم کی طرف سے عدلیہ مخالف ..
اسلام آباد/قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 اپریل2018ء) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے قصور سے مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی شیخ وسیم کی طرف سے عدلیہ مخالف نعرے بازی کا سخت نوٹس لے لیا او ر وفاقی وزیر پارلیمانی امور اور (ن) لیگ کے چیف ویپ شیخ آفتاب احمد کو اس معاملے پر ایکشن لینے کی ہدایت کردی۔بدھ کو سرکاری ٹی وی کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے قصور سے تعلق رکھنے والے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی شیخ محمد وسیم کے عدلیہ مخالف نعروں پر نوٹس لے لیااور مسلم لیگ (ن) کے چیف ویپ شیخ آفتاب احمد کو معاملے پر ایکشن لینے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم نے کہا کہ چیف ویپ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر ایکشن لیں۔ درین اثناء قصور سے نمائندے کی اطلاع کے مطابق مقامی پولیس نے (ن) لیگ کے رکن قومی اسمبلی شیخ وسیم سمیت (ن) لیگ کے بعض مقامی رہنمائوں اور کارکنوں کے خلاف عدلیہ مخالف نعرے بازی اور نازیبا الفاظ استعمال کرنے پر مقدمات درج کرلیے ہیں اور متعدد کو گرفتار کرکے تھانوں میں بند کردیا گیا ہے جنھیں ریمانڈ کیلئے (آج ) مقامی عدالت میں پیش کیا جائے گاجبکہ (ن) لیگ کے رکن قومی اسمبلی شیخ وسیم کی گرفتاری کیلئے پولیس کوششیں کررہی ہے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ چند روز قبل قصور سے رکن قومی اسمبلی شیخ وسیم کی قیادت میں (ن) لیگ کے کارکنوں نے ایک احتجاجی مظاہر ہ کیا جس میں عدلیہ مخالف نعرے بازی کی گئی اور نازیبا الفاظ استعمال کیے گئے ۔ ع ق)