نوازشریف سوشل سکیورٹی ہسپتال میں مریم نوازویلنیس سینٹرزکا افتتاح

صوبائی وزیر محنت منشاء اللہ بٹ نے مریم نواز ویلینس سنٹر اورنو تعمیر شدہ شیر عالم محسود آڈیٹوریم کا بھی افتتاح کیا

جمعرات 16 اکتوبر 2025 20:50

نوازشریف سوشل سکیورٹی ہسپتال میں مریم نوازویلنیس سینٹرزکا افتتاح
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2025ء) صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل محمد منشاء اللہ بٹ نے نواز شریف سوشل سکیورٹی ہسپتال میں مریم نواز ویلنیس سینٹرز کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر سیکرٹری لیبر نعیم غوث، کمشنر سوشل سکیورٹی محمد علی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے ہسپتال میں نو تعمیر شدہ شیر عالم محسود آڈیٹوریم کا بھی افتتاح کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ مریم نواز ویلنیس سینٹرز میں ماہرِ طبعی معالج، ماہرِ نفسیات، میڈیکل اسپیشلسٹ اور ماہرِ غذائیت کی سہولیات محنت کشوں کے لیے فراہم کی گئی ہیں تاکہ وہ جسمانی و ذہنی طور پر صحت مند اور فعال زندگی گزار سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور کے ساتھ ساتھ ایسے ویلنیس سینٹرز فیصل آباد اور اسلام آباد میں بھی قائم کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے پولیو مہم کے تحت بچوں کو پولیو کے قطرے بھی پلائے اور کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز عوام کو صحت اور فلاح کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے دن رات کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف سوشل سیکیورٹی اسپتال میرے قائد میاں نواز شریف کا محنت کشوں کے لیے تحفہ ہی.اور اب وزیر اعلیٰ مریم نواز اس میں مزید جدید سہولیات لا رہی ہیں۔

منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ انہیں ہسپتال آکر بہت خوشی ہوئی کیونکہ اس مرتبہ انہوں نے اسپتال میں کافی تبدیلیاں دیکھی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اسپتال دیگر ہسپتالوں سے مختلف ہے جہاں جدید طبی سہولیات اور بہترین ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کم از کم اجرت کے نفاذ کے حوالے سے بالکل واضح ہے اور محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔

آڈیٹوریم کا نام سابقہ کمشنر شیر عالم محسود کے نام پر رکھنا ایک اچھا قدم ہے جو ادارے کے لیے ان کی خدمات کا اعتراف ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ویلنیس سینٹرز محنت کشوں کی جسمانی اور ذہنی صحت کے معیار کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ جدید طبی سہولیات اور کونسلنگ سروسز کی فراہمی کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ مزدور طبقے کو ایک صحت مند اور متوازن زندگی فراہم کی جا سکے۔آخر میں صوبائی وزیر محمد منشاء اللہ بٹ نے کمشنر پیسی محمد علی اور سیکرٹری نعیم غوث کے ہمراہ یادگاری پودا لگایا۔