پاکستان اور پولینڈ کے درمیان دفاعی تعاون بارے مفاہمت کی یادداشت پردستخط

پاکستان پرامن بقائے باہمی کی پالیسی پریقین رکھتا ہے اور ہرقسم کی دہشتگردی کی شدید مذمت کرتا ہے، پاکستان نے دنیا کو دہشتگردی کے واقعات سے بچایا اور دہشتگردی کیخلاف جنگ میں کثیرالجہتی تعاون کیا، وفاقی وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان کی اپنے پولش ہم منصب اور دیگر حکام سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 18 اپریل 2018 19:53

پاکستان اور پولینڈ کے درمیان دفاعی تعاون بارے مفاہمت کی یادداشت پردستخط
اسلام آباد ۔18 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء) وفاقی وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان پولینڈ کے اپنے ہم منصب کی دعوت پر پولینڈکے 3 روزہ دورے پر ہیں، اس دورہ کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون بارے مفاہمت کی یادداشت پردستخط کئے گئے۔ مفاہمت کی اس یادداشت سے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون بڑھانے میں مدد ملے گی، دونوں ممالک1960ء سے دفاعی تعاون کی طویل مشترکہ تاریخ رکھتے ہیں۔

اپنے پولش ہم منصب اوردیگر معززین کے ساتھ بالمشافہ ملاقاتوں کے دوران وزیردفاع انجینئرخرم دستگیرخان نے بتایا کہ پاکستان پرامن بقائے باہمی کی پالیسی پریقین رکھتا ہے اورپاکستان ہرقسم کی دہشتگردی خواہ کسی بھی شکل میں ہو، کی شدید مذمت کرتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان نے خفیہ معلومات کے تبادلوں سے دنیابھرمیں دہشتگردی کے کئی واقعات رونما نہ ہونے دیئے اور دنیا کو دہشتگردی کے واقعات سے بچایا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں کثیرالجہتی تعاون کیا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان نے خطہ بھر میں امن کے قیام اورخاص طورپرافغانستان کے ساتھ تعلقات میں بہتری کا عزم کررکھا ہے۔وفاقی وزیردفاع نے افغانستان میں بھارت کے کردار اور بھارت کی پاکستانی سرحدوں کی خلاف ورزیوں کے بارے میں پاکستان کی تشویش سے بھی پولش ہم منصب اور حکام کوآگاہ کیا۔اپنے دورہ کے دوران انجینئرخرم دستگیرخان نے پولش ڈیفنس انڈسٹریز کا دورہ بھی کیا اور پولینڈ کی ٹیکنالوجیکل مہارت میں گہری دلچسپی کا اظہاربھی کیا۔