انقلابی تحریکوں سے وابستہ افرادقوم کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں، ڈاکٹر فاروق ستار

بدھ 18 اپریل 2018 21:32

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء) انقلابی تحریکوں سے وابستہ افراد قوم کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں جنہیں طاقت ،خوف اور لالچ سے نہیں خریدا جاسکتا۔ ان خیالات کا اظہار متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے ایم کیو ایم حیدرآباد کے ڈسٹرکٹ آفس کے باہر منعقدہ ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر اراکین رابطہ کمیٹی شیخ صلاح الدین ،سہیل مشہدی ،راشد خلجی، صابرحسین قائم خانی ،سی سی کے رکن سراج راجپوت ،میئر حیدرآباد سید طیب حسین ،سندھ تنظیمی کمیٹی اصغر کامریڈ ،ایم کیو ایم حیدرآباد کے ڈسٹرکٹ آرگنائزر و اراکین آرگنائزنگ کمیٹی سمیت سیکٹرو یوسی ذمہ داران کی کثیر تعداد موجو د تھی ۔ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ آزمائش ایم کیو ایم کے کارکنان کیلئے نئی بات نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضہ ہے کہ ہم آپسی اختلافات بھلا کر اپنی ذاتی انا کو فنا کر کے اپنے اتحاد کو مضبوط بنائیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ سے آئین پاکستان ،افواج پاکستان اور اعلیٰ عدلیہ کا احترام دل کی گہراہوں سے کرتے ہیں، ہم سے بڑا محب وطن کوئی نہیں، ہمارے آبا و اجداد کی قربانیوں کا ثمر پاکستان ہے جس کی بقاء و سلامتی اور عوام کی خوشحالی کی خاطر ہم کسی بھی قسم کی قربانی کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں ۔