خانہ کعبہ کے چابی بردار ڈاکٹر صالح زین العابدین شبی اور ان کے صاحب زادے ڈاکٹر عبدالرحمن سے سی سی پی او لاہور کیپٹن(ر) محمد امین وینس کی ملاقات

بدھ 18 اپریل 2018 22:44

لاہور۔18 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2018ء) سی سی پی او لاہور کیپٹن(ر) محمد امین وینس سے خانہ کعبہ کے چابی بردار ڈاکٹر صالح زین العابدین شبی اور ان کے صاحب زادے ڈاکٹر عبدالرحمن نے سی سی پی او آفس میں ملاقات کی۔اس موقع پر سی سی پی او لاہور کیپٹن(ر) محمد امین وینس نے کہا کہ ڈاکٹر صالح زین العابدین سے ملاقات باعث اعزاز جبکہ سی سی پی او آفس آمد باعث برکت ہے۔

سعودیہ عرب پاکستان کا بہترین اسلامی دوست ملک ہے جس کے ساتھ عرصہ دراز سے حکومتی سطح پر درینہ مراسم قائم ہیں۔ خانہ کعبہ کے چابی بردار کا پاکستان آنا اور پنجاب پولیس کودعائیں دینا انتہائی باعث برکت ہے۔ ڈاکٹر زین العابدین شبی کو دہشت گردی کے خلاف پنجاب خصوصاًً لاہور پولیس کی قربانیوں، روزمرہ کے معاملات، پولیس اہلکاروں کی فلاح وبہبود اور غیر ملکیوں کی سکیورٹی کیلئے بنائی گئی خاص ایس او پی بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈاکٹر صالح زین العابدین شبی نے کہا کہ سی سی پی او لاہور قابل اور محنتی پولیس آفیسر جبکہ دہشت گردی کے خلاف لاہور پولیس کی قربانیاں لازوال ہیں۔ سعودیہ عرب سے پاکستانیوں کیلئے پیغام محبت لے کر آیا ہوں اور لاہوریوں سے بے پنہاہ محبتوں کا تحفہ سمیٹ کر جائوں گا۔ ملاقات کے اختتام پر ڈاکٹر صالح زین العابدین نے پاکستان اور سعودیہ عرب سمیت پوری دنیا کے مسلمانوں کی امن و سلامتی اور کامیابی کیلئے دعا بھی کی۔