امریکہ ،انجن پھٹنے کے باعث جہازکوبحفاظت اتارنے والی خاتون پائلٹ ہیروقرار

مذکورہ پائلٹ خاتون پائلٹس کے پہلے دستے میں شامل تھیں جنھیں ٹیکٹیکل ائیر کرافٹس کی تربیت دی گئی ،امریکی نیوی

جمعرات 19 اپریل 2018 11:44

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2018ء) امریکہ میں ساؤتھ ویسٹ ایئر لائنز کے مسافر طیارے کو دورانِ پرواز ایک انجن پھٹ جانے کے بعد بحفاظت زمین پر اتار لینے والی خاتون پائلٹ کو جہاز کے مسافر ہیرو قرار دے رہے ہیں۔اس واقعے کے دوران جہاز کی ایک کھڑکی ٹوٹنے سے ایک خاتون مسافر باہر لٹک جانے سے ہلاک ہو گئیںتھیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق ٹیمی جو شلٹس نے ہنگامی صورت حال کے بعد فلائٹ 1380 کو فلاڈیلفیا کے ہوائی اڈے پر بحفاظت اتار لیا۔

(جاری ہے)

کیپٹن شلٹس کا نام ساؤتھ ویسٹ ایئر لائنز نے نہیں بتایا تاہم جہاز پر سوار مسافروں نے انھیں ہیرو قرار دیا۔ ان کے شوہر نے بھی خبر رساں ادارے کو تصدیق کی کہ جہاز کا کنٹرول انھی کے ہاتھ میں تھا۔امریکی نیوی نے اس بات کی تصدیق کی کہ وہ ان خاتون پائلٹس کے پہلے دستے میں شامل تھیں جنھیں ٹیکٹیکل ائیر کرافٹس کی تربیت دی گئی تھی۔نیو میکسیکو سے گریجویشن کرنے والی شلٹس نے حیاتات اور زراعت کی تعلیم حاصل کی جس کے بعد وہ فوج میں آ گئیں۔انھوں نے دس سال تک امریکی نیوی میں کام کیا۔ سنہ 1993 میں فوج چھوڑنے سے قبل انھوں نے جنگی جہاز بھی اڑائے۔ وہ لیفٹیننٹ کمانڈر کے عہدے سے ریٹائر ہوئیں۔ان کے شوہر ڈین شلٹس بھی پائلٹ ہیں۔

متعلقہ عنوان :