بھارتی فورسزکی شوپیاں میں طلباء پرپیلٹ فائرنگ، آنسو گیس کی شیلنگ، 14زخمی

جمعرات 19 اپریل 2018 13:13

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے اہلکاروں کی طرف سے شوپیاں میں طلباء پر پیلٹ فائرنگ اور آنسو گیس کے بے دریغ استعمال کے نتیجے میں کم از کم چودہ طلباء زخمی ہو گئے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق نجی ٹیوشن سینٹروں کے طلباء کی ایک بڑی تعداد نے شوپیاں میں ڈپٹی کمشنر کی رہائش گاہ کے نزدیک جمع ہو کر بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں نعرے لگائے ۔

وہ کٹھوعہ میں آبروریزی اور قتل کا نشانہ بننے والی آٹھ سالہ آصفہ کے اہلخانہ کو فوری طور انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے احتجاجی طلباء کو منتشر کرنے کیلئے پیلٹ چلائے اورآنسو گیس کی شدید شیلنگ کی جس کے نتیجے میں چودہ طالب علم زخمی ہو گئے ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ کٹھ پتلی انتظامیہ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں نوجوانوں کے قتل عام اور کٹھوعہ میں کم عمر آصفہ کی بے حرمتی اور قتل کے المناک واقعے کے خلاف طلباء کے احتجاجی مظاہروں کو روکنے کیلئے تمام تعلیمی ادارے بند کر رکھے ہیں تاہم ہوسٹلوں میں مقیم اور ٹیوشن سینٹروں کے طلباء احتجاج کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

یا درہے کہ بھارتی فورسز کی طرف سے بدھ کے روز ضلع پلوامہ کے علاقے ترال اور دیگر علاقوں میں احتجاجی طلباء پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کے نتیجے میں پچاس سے زائد طلباء زخمی ہو گئے تھے۔ زخمیوں میںطالبات کی ایک بڑی تعداد شامل تھی۔