محکمہ سیاحت کے زیراہتمام میرپورمیں تین روزہ جشن بہاراں میلہ 27 تا29اپریل کو ہوگا ‘ڈپٹی کمشنر میرپور

’’سمر ٹورازم فیسٹیول ‘‘ کو بھرپور کامیاب کرنے کے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیںگے جس سے اہلیان میرپور اور عوام الناس کو صحت مندانہ تفریحی کی سہولیات میسر آسکیں گی

جمعرات 19 اپریل 2018 15:05

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2018ء) ڈپٹی کمشنرسردارعدنان خورشید خان نے کہاہے کہمحکمہ سیاحت کے زیراہتمام میرپورمیں تین روزہ جشن بہاراں میلہ 27 تا29اپریل کو ہوگا جس کے لئے جملہ انتظامی کمیٹیاں کام کررہی ہیں ’’سمر ٹورازم فیسٹیول ‘‘ کو بھرپور کامیاب کرنے کے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائیںگے جس سے اہلیان میرپور اور عوام الناس کو صحت مندانہ تفریحی کی سہولیات میسر آسکیں گی ۔

’’سمر ٹورازم فیسٹیول ‘‘ سے کشمیر کی تہذیب وثقافت اور مقامی اور روایتی کھیلوں کو بھی فروغ حاصل ہوگا اور اس میلہ سے سیاحت کو زبردست فروغ ملے گا۔ تین روزہ جشن بہاراں میلہ کے دوران آصفہ بھٹو پارک میں عوام الناس کی فری انٹری ہوگی جبکہ سیکورٹی کے فول پروف انتظامات بھی کیے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

’’سمر ٹورازم فیسٹیول ‘‘ میں محفل حمدونعت،حضرت میاں محمدبخشؒ کا عارفانہ کلام ،مشاعرہ ،قوالی،فوڈسٹریٹ، صنعتی نمائش ،گھوڑدوڑ ،گھوڑ ڈانس ،نیزہ بازی،بازوبینی، کبڈی، ویٹ لفٹنگ، کتب میلہ، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پرتصاویری نمائش، میراتھن ریس، آتش بازی،صوفی نائٹ ،بوٹنگ،واٹرسپورٹس، موٹرگلائیڈنگ، کرکٹ میچ سمیت دیگر کشمیری ثقافتی پروگرام شامل ہوں گے ، میلے میں وزیراعظم آزادکشمیر ،وزراء حکومت، ممبران اسمبلی ، حکومتی اہم شخصیات ،صنعتکار،تاجر، شہریوں ،سکولوں کے بچوں اور اوورسیز کشمیری بھی شرکت کریں گے ۔

وہ یہاں جشن بہاراں میلہ کی مختلف کمیٹیوں کے حوالے سے پراگرس کا جائزہ لینے پر بات چیت کررہے تھے ۔انہوں نے چیئر مین فیسٹول وایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل راجہ محمدفاروق اکرم خان اور سیکرٹری فیسٹیول و اسسٹنٹ ڈائریکٹر سیاحت ملک طارق محمودکو ہدایت کی کہ وہ جشن بہاراں فیسٹیول کوشایان شان طریقے ،پروقار اور خوبصورت بنانے کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھائیں گی تاکہ اہلیان میرپورکوصحت مند تفریح سہولیات مل سکیںاور نئی نسل میں کشمیری ومیرپوری تہذیب وثقافت کے خوبصورت رنگوں کودوردورتک پھیلایاجاسکے۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ افراتفری کے دورمیں صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ثقافتی میلوں کاانعقاد نہایت ہی اہمیت کاحامل ہے۔ انھوں نے کہاکہ جشن بہاراں میلہ کے مختلف ایونٹس آصفہ بھٹوپارک اور لہڑی گرائونڈ میں منعقد ہونگے۔ آصفہ بھٹوپارک میں تین دن فری انٹری ہوگی تاکہ آزادکشمیر بھرسے لوگ بچوں اور فیملی کے ہمراہ میلے میں شرکت کرسکیں۔