آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن ) حکومت راجہ فاروق حیدرکی قیادت میں زندگی کے ہر شعبہ زندگی میں بہتری لانے کیلئے عمل پیرا ہے ،ْ محمد اسحق چوہدری

تعلیمی نظام میں مزید بہتری کیلئے این ٹی ایس کا قیام کر کے آزاد کشمیر پبلک سروس کمیشن میں دیانتدارلوگوں کو شامل کر کے ایک نئی مثال قائم کی ہے ،ْوزیر جیلخانہ جات

جمعرات 19 اپریل 2018 16:06

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2018ء) آزاد کشمیر حکومت کے وزیر جیلخانہ جات محمد اسحق چوہدری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن )کی موجودہ حکومت وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی ولولہ انگیز قیادت میں زندگی کے ہر شعبہ زندگی میں بہتری لانے کے لیے عمل پیرا ہے اور حکومتی محکمہ جات کی استعداد کار کو بہتر بنانے پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک نجی سکول کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر میں تعلیم اور صحت عامہ اور ذرائع رسل و رسائل اور مواصلات کے شعبہ کی تعمیر وترقی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے بغیر کوئی بھی قومی ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتی۔

(جاری ہے)

آزاد کشمیر کا لٹریسی ریٹ پاکستان سے بہتر ہے ۔

آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن )کی حکومت نے تعلیمی نظام میں مزید بہتری کے لیے این ٹی ایس کا قیام کر کے آزاد کشمیر پبلک سروس کمیشن میں قابل اور دیانتدارلوگوں کو شامل کر کے ایک نئی مثال قائم کی ہے ۔ جس کے دور رس نتائج مرتب ہوں گے ۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اندوہناک مظالم کو زبردست الفاظ میں ہدف تنقید بناتے ہوئے چوہدری محمد اسحق وزیر حکومت آزاد کشمیر نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیری آج اپنی آزادی کے حق کے لیے آواز اٹھار ہے ہیں۔ جبکہ بھارت وہاں دہشتگردی کا مرتکب ہورہا ہے ۔ کشمیریوں کی پرامن جدوجہد کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ کرنا بھارت کی پالیسی ہے ۔