وزیراعلیٰ (آج )کراچی چیمبر کی15 ویں’’مائی کراچی‘‘نمائش کا افتتاح کریں گے

بھرپور بین الاقومی نمائندگی، 300سٹالز اور دوگنے سائز کا فوڈ کورٹ لگایا جائے گا،کراچی چیمبر

جمعرات 19 اپریل 2018 16:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2018ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(کے سی سی آئی )کے زیر اہتمام 15ویں ’’مائی کراچی‘‘ نمائش کا جمعہ20اپریل 2018 کو ایکسپو سینٹر کراچی میں افتتاح کریں گے جس میں ملکی وغیر ملکی نمائش کنندگان تقریباً 10لاکھ سے زائدافراد کے سامنے اپنی خدمات اور مصنوعات کی تشہیر کریں گے۔

نمائش3روز تک جاری رہنے کے بعد 22اپریل 2018کو اختتام پذیر ہو گی۔ یہ نمائش بزنس ٹو بزنس اور بزنس ٹو کنزیومر میٹنگز کے حوالے سے ایک بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوگی اور ساتھ ہی کراچی کے عوام کو تفریحی سہولتیںبھی میسرآئیں گی۔کراچی کے عوام ہر سال دلچسپی کے ساتھ اس نمائش میں بھرپور شرکت کرتے ہیں۔کراچی چیمبر کے صدرمفسر عطا ملک نے ’’مائی کراچی‘‘نمائش کے کامیاب سفر پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ 2004میں بزنس مین گروپ کے چیئرمین سراج قاسم تیلی نے بحثیت صدر کے سی سی آئی میڈیا بالالخصوص مغربی میڈیاکی جانب سے کراچی کے بارے میں منفی پروپیگنڈہ کومد نظر رکھتے ہوئے کراچی کے مثبت امیج کو اجاگر کرنے کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے’’ مائی کراچی‘‘ نمائش کا آغاز کیا جو بلاکسی تعطل پابندی کے ساتھ 2004سے کامیابی کے ساتھ منعقد کی جارہی ہے اور یہ ایونٹ کراچی چیمبر کے لئے کامیابی کی علامت بن گیا ہے ۔

(جاری ہے)

کے سی سی آئی کے صدر نے’مائی کراچی‘‘نمائش کو ہر سال بہتر بنانے پر کراچی چیمبر کے تمام سابق صدور کی خدمات کو سراہا جنہوں نے ہر بارنمائش کو بہترسے بہتر بنانے پر اپنی بھرپور توجہ مرکوز رکھی جس کی وجہ سے’’مائی کراچی‘‘ نمائش پاکستان کا ایک کامیاب اور سب سے بڑا ایونٹ بن گئی ہے اور اس کا دائرہ کار 2004 کے مقابلے میں ایکسپو سینٹر کی3ہالز سے بڑھ کرتمام 6ہالز تک وسیع ہو گیاہے۔

کے سی سی آئی مستقل بنیادوں پر بغیر کسی مالی فوائدکے اس نمائش کاانعقاد کررہاہے جس کامقصد کراچی کے مثبت امیج کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں ’’ میڈ اِن پاکستان‘‘ کی ٹیگ لائن کو فروغ دینا ہے۔انہوںنے نمائش کوکامیاب بنانے میں سندھ حکومت ، ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون کو بھی سراہا۔انہوںنے کہاکہ ملکی معیشت کو درپیش مسائل کے باوجودتاجر برادری چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے اور کاروباری و صنعتی سرگرمیوں میں رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے ثابت قدم ہے۔

انہوںنے کہاکہ 15ویں ’’ مائی کراچی‘‘ نمائش میں مقامی و غیر ملکی تاجر اس سال بھی ایک بار پھر بھرپور طریقے سے شرکت کررہے ہیں۔ تھائی لینڈ، انڈونیشیا، ترکی، سری لنکا، ویت نام ، فلپائن، ملائیشیا، رومانیہ اور یوکرین بھی اس سال ایونٹ میں شرکت کررہے ہیں جبکہ تھائی لینڈ اور انڈونیشیا اس سال بھی اپنے ممالک کے خصوصی پویلین لگا رہے ہیں۔

انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ15ویں ’’ مائی کراچی‘‘ نمائش پاکستان جو قدرتی خوبصورتی،روایات اور ثقافت کا مرکز ہے کوفروغ دینے کے لئے بہترین موقع فراہم کرے گی باالخصوص کراچی کی حقیقی تجارتی صلاحیت کو دنیا کے سامنے پیش کرنے میں مددگار ثابت ہوگی ۔انہوں نے کہاکہ ’’ مائی کراچی‘‘ نمائش تجارت کی نئی راہیں تلاش کرنے اور علاقائی تجارت کو فروغ دینے کے حوالے سے خصوصی طور پر ڈیزائن کی گئی ہے۔

اس سال فوڈ کورٹ کے رقبے کو کو دگنا کردیا گیا ہے اور بچوں کے کھیلنے کے لیے ایریا میں بھی دورہ کرنے والی فیمیلز کو کئی نئی تفریحی سہولیات میسر ہوںگی۔انہوں نی سندھ حکومت اور ٹی ڈی اے پی کی سپورٹ کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سال بھی یہ نمائش مطلوبہ نتائج حاصل کرنے میں کامیاب ہو گی۔ کے سی سی آئی کی’’مائی کراچی‘‘نمائش کی خصوصی کمیٹی کے چیئرمین محمد ادریس نے نمائش میں دستیاب تفریحی سہولتوں اورمختلف انتظامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ نمائش میں اس سال ایکسپو سینٹر کے تمام ہالز میں300 سے ذائداسٹالزقائم کیے گئے ہیں جہاں پاکستانی اور غیر ملکی مصنوعات اور خدمات کی تشہیرکی جائے گی اور اس امر کی کوشش کی جارہی ہے کہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں افراد نمائش کا دورہ کریں جس کا مقصد کراچی کا مثبت امیج اجاگر کرناہے کیونکہ کراچی پاکستان کا معاشی و اقتصادی مرکز ہے۔

محمد ادریس نے مزید کہاکہ نمائش میںچوتھی بار لان فیبرک کا پویلین قائم کیا گیاہے جس میںپاکستان کے معروف برانڈز اپنی ڈیزائنرز لان مصنوعات متعارف کروائیں گے ۔ مزید یہ کہ ایکسپوسینٹر میں مائی کراچی کے دوران آنے والی فیملیز کی تفریح کے لئے فوڈ کورٹ کے قیام کے ساتھ ساتھ پالتو جانوروں اور پرندوں کے شو کا بھی بندوبست کیا گیا ہے۔