جموں وکشمیر بنک کامیابی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے ، حکومتی سرپرستی سے اس بنک کو جلد ہی شیڈول بنک بنایا جائے گا ،ْسردار مسعود خان

بنک آف آزادجموں وکشمیر آزادکشمیر کا ایک اثاثہ ہے، آزادجموں وکشمیر کے عوام اس بنک کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے سرمایہ کاری کریں ،ْ صدر آزاد کشمیر

جمعرات 19 اپریل 2018 16:30

ْباغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2018ء) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ بنک آف آزادجموں وکشمیر کامیابی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔ ہماری کوشش ہے کہ حکومتی سرپرستی سے اس بنک کو جلد شیڈول بنک بنایا جائے۔جمعرات کو باغ میں بنک آف آزادجموں وکشمیر کی شاخ کا افتتاح کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ جموں وکشمیر بنک کامیابی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور حکومتی سرپرستی سے اس بنک کو جلد ہی شیڈول بنک بنایا جائے گا اور اس کی شاخیں پورے پاکستان کے شہروں میں بھی کھولی جائیں گی۔

صدر آزاد جموں وکشمیر نے کہا کہ بنک آف آزادجموں وکشمیر آزادکشمیر کا ایک اثاثہ ہے ۔ انہوںنے اس بات پر زور دیا کہ آزادجموں وکشمیر کے عوام اس بنک کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے سرمایہ کاری کریں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں جلد معاشی و اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ ہو گا ، جس کی وجہ سے بنکنگ کا شعبہ بالعموم اور آزاد جموں وکشمیر بنک بالخصوص ترقی کرے گا۔

صدر مسعود خان نے کہا ہے کہ سی پیک کے تحت آزادکشمیر میں 4بڑے منصوبے جات جن میں کروٹ و کوہالہ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ ، مانسہر ہ تا میر پور ایکسپریس وے اور میر پور میں صنعتی زون کا قیام شامل ہے کو جلد مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان میگا پراجیکٹس کے باعث آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع پیدا ہونگے۔ اسطرح ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار آزادکشمیر کا رخ کریں گے۔

اور انشا ء اللہ آزادکشمیر اقتصادی و معاشی طور پر مزید مستحکم اور خوشحال خطہ بن کر سامنے آئے گا۔ صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ آنے والے چند سالوں میں باغ میں ماہل ہائیڈرو پاور پراجیکٹ بنایا جائے گا جس سے آزادکشمیر، بالخصوص باغ کے لوگوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے اور کاروباری سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہو گا جس سے بے روزگاری میں کمی واقع ہو گی جو خطے کے عوام کے لئے سود مند اور خوش آئند ہو گا۔

صدر مسعود خان نے ایم ڈے بنک آف آزادجموں وکشمیر عمران صمد کو باغ میں آزادجموں وکشمیر بنک کی نئی شاخ کے افتتاح پر مبارکباد دی اور کہا کہ ان کی کاوشوں سے لوگوں کا اس بنک پر اعتماد بڑھ رہا ہے جو خوش آئندہ ہے۔ صدر نے امید ظاہر کی کہ بنک آف آزادجموں وکشمیر حکومتی سرپرستی میں اپنی ترقی کا سفر جاری رکھے گا اور جلد ہی نمایاں بنکوں میں اس کا بھی شمار ہوگا۔ جموں وکشمیر بنک شاخ باغ کے افتتاح کے موقع پر ایم ڈی آزادجموں وکشمیر بنک کے ہمراہ بنک کے دیگر اعلیٰ آفیسران کے علاوہ ضلعی انتظامیہ کے آفیسران اور معززین علاقہ بھی کثیر تعداد میں موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :