شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی شخصیت اور افکار کے حوالے سے دو روزہ قومی اقبال کانفرنس 24 اپریل کو منعقد ہو گی

جمعرات 19 اپریل 2018 18:24

شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی شخصیت اور افکار کے حوالے سے دو روزہ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کی شخصیت اور افکار کے حوالے سے دو روزہ قومی اقبال کانفرنس 24 اپریل کو لاہور میں منعقد ہورہی ہے۔ انسانیت کو درپیش چیلنج اور فکر اقبال کے عنوان سے ہونی والی کانفرنس میں ایک سو سے زائد اقبال شناس مقالہ جات پڑھیں گے۔ مشیر وزیراعظم برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی کی زیر صدارت جمعرات کو منعقدہ اجلاس میں کانفرنس کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

عرفان صدیقی نے تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ 15 سال کے وقفہ کے بعد اقبال کی شخصیت اور افکار کے حوالہ سے کانفرنس کا انعقاد ہو رہا ہے جو عصری حالات کے تناظر میں نہایت اہم اقدام ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ایسا طریقہ کار اپنایا جائے کہ کانفرنس کے انعقاد میں آئیندہ اتنا طویل وقفہ نہ آئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ یہ کانفرنس اس لحاظ سے منفرد ہے کہ اس میں ملکی اور غیرملکی اہل علم شاعر مشرق کی بصیرت اور افکار کی روشنی میں تہذیب، معیشت، اخلاقی اقدار، عصرحاضر کے درپیش چیلنجزکے منتخب کردہ عنوانات پر مقالے پڑھیں گے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ بہترین قرار پانے والے مقالہ جات کو کتابی شکل میں شائع کیا جائے تاکہ عوام بالخصوص نوجوان نسل فکر اقبال سے آگاہی حاصل کرے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کلیات اقبال کا خصوصی ’’ڈیلیکس ایڈیشن‘‘ شائع ہوگیا ہے اور کانفرنس کے پہلے روز اس کی رونمائی ہوگی۔ کلیات اقبال کی آن لائن اپلیکیشن کا بھی اجراء ہو گا۔ عوام کمپیوٹر کے جدید ذریعہ کو استعمال کرتے ہوئے علامہ اقبال کی شاعری اور پیغام تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔

کانفرنس کے موقع پر کتاب میلہ بھی منعقد ہورہا ہے جس میں ملک بھر سے علامہ اقبال پر شائع ہونے والی کتب رکھی جائیں گی۔ کانفرنس کے دوران یہ کتب رعایتی قیمت پر عوام کیلئے دستیاب ہوں گی۔ ڈائریکٹر اقبال اکادمی محمد بخش سانگی، چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی منیب اقبال ایڈووکیٹ اور رکن کمیٹی اور ماہر اقبالیات پروفیسر رفیع الدین ہاشمی نے کانفرنس کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ میں بتایا کہ کانفرنس کے دوران مجموعی طور پر 12 فکری نشستیں ہوں گی جن کی صدارت نامور شخصیات کریں گی۔

آخری مرتبہ 2003ء میں اس کانفرنس کاانعقاد ہوا تھا۔ اجلاس میں قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کے جوائنٹ سیکریٹری سید جنید اخلاق اور ڈویژن کے دیگر حکام شریک ہوئے جبکہ وڈیو لنک کے ذریعہ اقبال اکادمی لاہور کے ذمہ داران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔