پنجاب یونیورسٹی طلبہ کی ٹیوشن فیس میں کوئی اضافہ نہیں ہوا

طلبہ کو تمام یونیورسٹیوں سے زیادہ سبسڈی فراہم کر رہے ہیں‘ ترجمان

جمعرات 19 اپریل 2018 18:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2018ء) پنجاب یونیورسٹی کے ترجمان نے اسلامی جمعیت طلبہ کے بے بنیاد اور منفی پراپیگنڈے کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ گزشتہ 10برسوں سے ٹیوشن فیس کی مد میں کوئی اضافہ نہیںکر رہی بلکہ پاکستان کی دیگر پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے مقابلے میں اپنے طلبہ کو زیادہ سبسڈی فراہم کر رہی ہے ۔

ترجمان نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ کے تمام مطالبات بے بنیاد ہیں کیونکہ یونیورسٹی انتظامیہ پہلے ہی اپنے طلبہ کو سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ ترجمان کے مطابق تمام طلبہ کیلئے ہاسٹل الاٹمنٹ کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں کیونکہ تمام طلبہ کومیرٹ پر ہاسٹل دیئے جا چکے ہیں۔ یونیورسٹی لائبریری ہفتہ کو صبح 8بجے تا رات 9بجے تک کھلی رہتی ہے۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی کے زیر اہتمام ہیلتھ سائنسز پروگرام کیلئے کلاسوں کا باقاعدآغازکیا جا چکا ہے نیز ادارہ تعلیم و تحقیق کی ایک ڈگری سے متعلق مسائل حکومت پنجاب کے ساتھ حل کر لئے گئے ہیں۔

لڑکیوں کے لئے مزید ہاسٹل کی تعمیر کیلئے پنجاب حکومت کی جانب سے فنڈز ملتے ہی کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔ پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ ہاسٹل میں رہائش پذیر طلبہ کو 117ملین روپے کی سبسڈی فرام کر رہی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ کی جانب سے زیادہ گیٹ کھولنے کا مطالبہ یونیورسٹی کے رہائشیوں کیلئے سکیورٹی رسک ہوگااور لگتایہ ہی ہے کہ اسلامی جمعیت طلبہ کیمپس میں بد امنی پھیلانا چاہتی ہے۔

سہولیات اور سبسڈی کی فراہمی کی تفصیل سے دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی دوسری پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کے مقابلے میں اپنے مارننگ اور ایوننگ کے طلبہ سے انتہائی کم فیس وصول کر رہی ہے۔ پنجاب یونیورسٹی 54بسوں کے ساتھ بہترین ٹرانسپورٹ کی سہولیات فراہم کرر ہی جبکہ انتہائی کم کرائے پر طلبہ دیگر شہروں بشمول قصور، شیخوپورہ اور کامونکی تک کا سفر بھی کرتے ہیں۔

ٹرانسپورٹ کی مد میں طلبہ کو 48.445ملین جبکہ اکیڈمک شعبہ جات اور ہاسٹلز میں انٹر نیٹ پر 25ملین کی سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔ترجمان نے کہا کہ پنجا ب یونیورسٹی طلبہ سے 129ملین وصول کرکے اپنے وسائل سے 69.4ملین روپے کی سکالرشپ دیتی ہے جبکہ 26.501ملین روپے کی خطیر رقم ہم نصابی سرگرمیوں پر بھی خرچ کی جا تی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی دیگرکئی بجٹ ہیڈز میں سے بھی طلبہ کو لاکھوں روپے کی سبسڈی فراہم کر رہی ہے۔