Live Updates

کراچی کے لوگوں کی زندگی لوڈ شیڈنگ اور پانی کے بحران نے اجیرن کرکے رکھ دی ہے،فردوس شمیم نقوی

پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت، کے الیکٹرک اور اب کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کراچی کے شہریوں کو جینے بھی نہیں دینا چاہتے،صدر تحریک انصاف کراچی

جمعرات 19 اپریل 2018 22:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ کراچی کے لوگوں کی زندگی لوڈ شیڈنگ اور پانی کے بحران نے اجیرن کرکے رکھ دی ہے۔ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت، کے الیکٹرک اور اب کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کراچی کے شہریوں کو جینے بھی نہیں دینا چاہتے۔ یہ باتیں انہوں نے پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی میں پی ٹی آئی کراچی کے عہدیداران و کارکنان سے گفتگو کے دوران کہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں پانی کے بحران کو حکومت نے سنجیدگی سے نہیں لیا، نہ ہی اس کے سدباب کی کوئی کوشش کی۔ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ میں بدعنوانی اور کرپشن کی وجہ سے بورڈ کی کارکردگی بدترین ہوچکی ہے۔

(جاری ہے)

آج کراچی کے عوام خون کے آنسو رو رہے ہیں لیکن اس کا خمیازہ آنے والے انتخابات میں موجودہ حکومت کو ہی بھگتنا ہوگا۔

کراچی کے عوام انہیں انتخابات میں انہیں اس طرح مسترد کریں گے کہ حکمران رہتی دنیا تک یاد رکھیں گے۔ ایک طرف گرمی کی شدت ہے تو دوسری طرف لوڈ شیڈنگ۔گرمی سے پیاس بڑھتی ہے تو شہریوں کو پینے کا پانی دستیاب نہیں۔ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت پانی اور بجلی کے بحران پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے اور کراچی کے لوگوں کو اس سے نکالنے کا کوئی خاطرخواہ اور معقول انتظام نہیں کرسکی۔

اب کراچی کے شہری جان چکے ہیں کہ اس مستقل عذاب ثابت ہونے والی حکومت سے چھٹکارہ کیسے حاصل کرنا ہے۔ موجودہ وقت بھی گزشتہ اوقات کی طرح کٹ جائے گا لیکن لوگ ہر قیمت پر موجودہ حکمرانوں سے نجات حاصل کرکے رہیں گے۔ پاکستان تحریک انصاف پانی اور بجلی کے بحران میں کراچی کے عوام کے ساتھ ہے اور ہم حکمرانوں کے خلاف ہر دستیاب پلیٹ فارم سے آواز بلند کرتے رہیں گے۔ # شکیل)
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات