قومی وطن پارٹی پختونوں کو ایک قوت بنانے کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی،آفتاب شیرپائو

جمعرات 19 اپریل 2018 22:49

قومی وطن پارٹی پختونوں کو ایک قوت بنانے کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی،آفتاب ..
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمدخان شیرپائونے کہا ہے کہ پختون قوم پاکستان کی ایک بہت بڑی آبادی ہیں جو شعوری طور پر ملک میں ایک اہم کردار ادا کرتی آرہی ہے۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی پختونوں کو تقسیم کرنے کے کسی بھی حربے کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر مقابلہ کرے گی اورکسی قوت کو بھی پختونوں کے خلاف اٹھنے سے روکے گی۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے وطن کور پشاور میں ایک شمولیتی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پشاور کے علاقہ ریگی کے معروف سیاسی و سماجی شخصیت فلک نیاز خان نے اپنے ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔آفتاب شیرپائو نے کہا کہ قومی وطن پارٹی پختونوں کو ایک قوت بنانے کیلئے تادم اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ پختون آبادی کو متحد کرنا صرف اور صرف فاٹا کاخیبر پختونخوامیںفوری اور مکمل انضمام سے منسوب ہے۔انھوں نے کہا کہ فاٹا کو خیبر پختونخوا میں شامل کرنے سے ملک کا دوسرا بڑا صوبہ بن جائے گا جبکہ اس سے نہ صرف پختونوں کی قومی یکجہتی پیدا ہو جائے گی بلکہ ان کی آواز کو بھی تقویت ملے گی ۔انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی لیڈر شپ کی جانب سے رائو انوار کو بہادر بچے جیسے خطاب دینے سے بہت سے ابہام اور تشویش پیدا ہو گئی۔

انھوں نے کہا کہ نقیب اللہ کے قاتل رائو انوار کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرکے متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔آفتاب احمد خان شیرپائو نے پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ تبدیلی کے نام پر ووٹ بٹورنے والی جماعت نے حقیقت میں عوام کو مصیبت اور پریشانیوں کے سوا کچھ نہیں دیا ۔انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے خیبر پختونخوا کے عوام کے ووٹ کی بے حرمتی کی ہے اور انھیں جھوٹے وعدوں سے ورغلا کر تبدیلی کے نام پر دھوکہ دیا۔

انھوں نے کہا کہ آج صوبہ میں تبدیلی نظر آرہی ہے تو صرف اور صرف صوبہ کو کھنڈرات بنانے اوراجاڑنے کے سوا کچھ نہیں ۔ انھوں نے کہا کہ ایک طرف پی ٹی آئی اور دوسری طرف اے این پی دونوں سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کو مالی بے ضابطگیوں کے الزامات لگا رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ بہتر ہو گا کہ نیب ان کی مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کرے تاکہ حقائق منظر عام پر لائی جا سکیں ۔انھوں نے کہاکہ قومی وطن پارٹی پختونوں کے حقوق کی علمبردار جماعت ہے جو اس کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔