وزیر داخلہ پروفیسر احسن اقبال کی برٹش کونسل کے چیف ایگزیکٹو سر سیارن دیوانی سے ملاقات ، پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے لئے برٹش کونسل کے تعاون کو سراہا ، پاکستان اور برطانیہ کے مابین نالج گیٹ وے پروگرام کا آغاز کرنے کی خواہش کا اظہار

جمعرات 19 اپریل 2018 23:20

لندن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) وزیر داخلہ منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے جمعرات کو برٹش کونسل کے دفتر میں چیف ایگزیکٹو سر سیارن دیوانی سے ملاقات کی جس میں انہوں نے پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے لئے برٹش کونسل کے تعاون کو سراہا اور پاکستان اور برطانیہ کے مابین نالج گیٹ وے پروگرام کا آغاز کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

اس طرح کا پروگرام امریکہ اور پاکستان کے درمیان یو ایس پاکستان نالج کوریڈور کے نام سے چل رہا ہے جس کے تحت ہایئر ایجوکیشن کمیشن ایک ہزار پی ایچ ڈیز کو ہر سال امریکہ بھجوائے گا۔ وزیر داخلہ نے برٹش کونسل کی طرف سے ادارے کے قیام کے لئے تکنیکی معاونت کی درخواست کی۔ انہوں نے پاکستان اکیڈمی آف سوشل سائنسز کے قیام کے لئے تکنیکی تعاون کی بھی درخواست کی۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت نے ہایئر ایجوکیشن کمیشن کا بجٹ رواں سال 45 ارب روپے تک بڑھا دیا ہے جبکہ 2013ء میں یہ بجٹ 13 ارب روپے تھا۔ ہر ضلع میں یونیورسٹی کیمپس قائم کیا جا رہا ہے۔ بلوچستان میں چار خواتین کیمپسز بھی قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے ضلع نارووال میں یونیورسٹی کیمپس میں چار ہزار طلباء ہیں جن میں سے 80 فیصد طالبات ہیں۔ برٹش کونسل کے چیف ایگزیکٹو نے وزیر داخلہ کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا ہے۔