یونیورسٹی آف سرگودھاکے زیر اہتمام دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

جمعہ 20 اپریل 2018 15:45

سرگودھا۔20 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2018ء) یونیورسٹی آف سرگودھا سب کیمپس بھکر کے زیر اہتمام دو روزہ تربیتی ورکشاپ بعنوان ’’اعلیٰ تعلیمی اداروں میں نوجوانوں کی تربیت ‘‘کا اہتمام کیا گیا ،ورکشاپ ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد ، پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن اور یونیورسٹی آف سرگودھا کی تعاون سے منعقد کی گئی ۔ ورکشاپ کا مرکزی خیال بہترین ٹیچنگ کے ذریعے نوجوانوں بالخصوص طلباء و طالبات کی شخصیت میں نکھار لانا، عمدہ تربیت اور بہتری تھا۔

بین الاقوامی معیار کی اس ورکشاپ میں عالمی شہرت یافتہ ماہر اساتذہ ،محقق اور ماہرین تعلیم نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ایک شاندار افتتاحی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا ڈاکٹر اشتیاق احمد نے کہا کہ پاکستان نوجوانوں کا ملک ہے اور قابل و محنتی نوجوان اپنے ذہنوں میں نشانِ منزل کو تازہ کرتے ہوئے وطن عزیز میں معاشی ومعاشرتی انقلاب برپا کرسکتے ہیں ،ان ساٹھ فیصد نوجوانوں کی اگر بہتر طریقے سے تعلیمی تربیت کی جائے تو پاکستانی قوم جلد دنیا کی صفِ اوّل کی اقوام میں شامل ہو جائے گی ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ گلو بلائزیشن کے اس دور میں پاکستان کانوجوانوں کا ملک ہونا کسی بہت بڑی نعمت سے کم نہیں ہے ۔وائس چانسلر نے کہا کہ اپنے اعلیٰ مقاصد کو حاصل کرنے ،آگے بڑھنے اور ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہونے کے لئے ہمارے نوجوانوں با لخصوص طلباء وطالبات کو سخت محنت ،مستقل مزاجی اور مثبت سوچ سے کام لینا ہو گا اور نئے نظریات کو سامنے لانا ہو گا۔

انہوںنے کہا کہ ہماری ساری توجہ اس وقت اپنے طالب علموں پر ہے اور یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ طالب علموں کو ڈگری دینے کی بجائے اُنہیں مارکیٹ کے لئے مفید اور کامیاب بنائیں ۔ ورکشاپ سے بریگیڈئیر(ر) ڈاکٹر محمد اشرف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طالب علموں کی بہترین تربیت اور ان کو معاشرے کا مفید شہری بنانے میں جو اقدار ہمارے دین اسلام نے مرتب کی ہیں اُن سے بڑھ کر اور کوئی نہیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر سب کیمپس بھکر ڈاکٹر ظفرا قبال نے کہا کہ تعلیم اور تربیت دونوں لازم وملزوم ہیں جس کے بغیر ایک پائیدار ترقی یافتہ اور فلاحی معاشرے کا تصور نہیں کیا جاسکتا ۔ اُنہوں نے کہا کہ تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ طالب علموں کے لئے بے شمار خوبیوں کا ہونا انتہائی ضروری ہے جن میں خود اعتمادی، اپنے نفس کی پہچان ،وژن کا واضح ہونا ،جستجو ،نئے نظریات کی تلاش ،مسائل کی نشاندہی اور اُن کا حل تلاش کرنا،قائدانہ صلاحیتوں، نئے علوم کی تخلیق اور صبر وتحمل شامل ہیں۔

اُنہوں نے اس موقع پر مہمان سپیکر اور مقررین کا تعارف کرایا اور ورکشاپ کے اغراض ومقاصد سے سامعین کو آگاہ کیااور کامیاب ورکشاپ کے انعقاد پر ضلعی انتظامیہ اور اساتذہ کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سید بلال حیدر نے کہا کہ حکومت کی خصوصی کاوشوں کی وجہ سے ضلع بھکر میں دن بہ دن تعلیم کا گراف غیر معمولی طور پربڑھ رہا ہے اور پسماندہ ہونے کے باوجود اس علاقے نے نصابی وہم نصابی سرگرمیوں میں کئی سنگِ میل حاصل کئے ہیں ۔

ماہر تعلیم وقار احمد رانجھا نے ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم حاصل کرنا محض ڈگری لینے کا نام نہیں بلکہ اُن ذمہ داریوں کو نبھانا ہے جو ایک باوقارمعاشرے میں انسانی ترقی کے لئے ضروری ہیں۔ورکشاپ میں سوال وجواب کا سیشن بھی ہوا۔