فیصل آباد:ٹریفک حادثات میں خاتون کمسن بچے سمیت 5افراد موت کی وادی میں پہنچ گئے

زخمی حادثات میں غفلت کے مرتکب ڈرائیور ز فرار پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کردیں

جمعہ 20 اپریل 2018 16:03

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اپریل2018ء) ٹریفک حادثات میں خاتون کمسن بچے سمیت 5افراد موت کی وادی میں پہنچ گئے ، 4زخمی حادثات میں غفلت کے مرتکب ڈرائیور ز فرار پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کردیں ، تفصیلات کے مطابق سمندری روڈ جہانگیر موڑ کے قریب 45گ ب گوجرہ روڈ کارہائشی چالیس سالہ ذیشان حیدر کار میںاپنی فیملی کے ساتھ سوار ہو کر آرہا تھا کہ کار سڑک پر کھڑی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا کر مخالف سمت میں کار سے جا ٹکرائی جس کے نتیجہ میں ذیشان حیدر کی اہلیہ 35سالہ عظمیٰ بی بی اور بیٹا 7سالہ عبدالہادی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ دوسری کار میں شورکوٹ کے رہائشی زمان اور ذیشان کو زخمی ہونے پر طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں تا حال علاج جاری ہے دوسرے واقعہ میں جڑانوالہ روڈ پر موٹر سائیکل سوار 35سالہ شخص الشفاء ہسپتال کے قریب تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے جان کی بازی ہار گیا ، تیسرے حادثہ میں جسوآنہ بنگلہ کے قریب راہگیر ماں بیٹا موٹر سائیکل کی ٹکر سے زخمی ہو ئے اور ماں 50سالہ کوثر بی بی زوجہ محمد یوسف زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی جبکہ 30سالہ یونس کو طبی امداد کی فراہمی جاری ہے ، چوتھے حادثہ میں جڑانوالہ روڈ اڈا ورکشاپ پر دو موٹر سائیکلوں کے تصادم میں 47سالہ تاج محمد موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ 28سالہ رضوان کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا ۔