تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے‘مسلم لیگ

جمعہ 20 اپریل 2018 17:37

سری نگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2018ء) مقبوضہ کشمیر میں جموںوکشمیر مسلم لیگ نے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جموںوکشمیر مسلم لیگ کے قائم مقام چیئرمین عبدالاحد پرہ نے سرینگر میں پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک آزادی کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے حریت رہنمائوں اور کارکنوں مسرت عالم بٹ، ڈاکٹر محمد قاسم فکتو، ڈاکٹر محمد شفیع شریعتی، غلام قادر بٹ، محمد یوسف میر، اسد اللہ پرے،شوکت حکیم، معراج الدین نندہ ، فیاض احمد ظلاق، مولوی سجاد ،میر حفیظ اللہ، عبدالرشید بٹ، مفتی ندیم، محمد افضل بٹ، امتیاز احمد میر، محمد اشرف ملک، ذاکر حسین بٹ اورمحمد حیات بٹ کی مسلسل غیر قانونی نظر بندی کی مذمت کرتے ہوئے انکی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

عبدالاحد پرہ نے کشمیر کاز کی متواتر حمایت پر پاکستان کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ مملکت خداد اد تنازعہ کشمیر کے کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل تک انکی سیاسی ، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ قبل ازیں مسلم کانفرنس نے اپنے اجلاس میں عبدالاحد پرہ کو متفقہ طور پر پارٹی کاقائم مقام چیئرمین منتخب کر لیا۔ اجلاس میں محمد اکرم نجار، فیروز احمد خان، سجاد ایوبی، بشیر احمد بڈگامی، محمد فاروق گوتہ پوری، ریاض احمد شاہ ، محمد قاسم شاہ اور دیگر موجود تھے۔