سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے وفد کا انقرہ یونیورسٹی اور ہاستیپی یونیورسٹی کا دورہ

جمعہ 20 اپریل 2018 19:18

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2018ء) سندھ مدرسہ یونیورسٹی کا طالبعلموں پر مشتمل وفد ترکی کے مطالعتی دورے پر انقرہ پہنچا۔ جہاں پر وفد نے انقرہ یونیورسٹی اور ہاستیپی یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ترکی کی یونیورسٹیز اور سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے نمائندگان نے مستقبل میں دونوں جامعات کے درمیان مختلف شعبہ جات میں تعاون کیلئے مفاہمتی عمل پر معاہدہ کرنے پر اتفاق کیا۔

سندھ مدرسہ یونیورسٹی اور ہاستیپی یونیورسٹی کے درمیان طالبعلموں اور فیکلٹی اراکین کیلئے مشترکہ طور پر سیمینار ، ورکشاپ اور کانفرنسز منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ۔ سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے ڈین انفارمیشن ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر سید آصف علی کی رہنمائی میں طالبعلموں اور فیکلٹی اراکین کا وفد جب انقرہ یونیورسٹی پہنچا تو وفد کا یونیورسٹی کی وائس ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر سبل ای اوزکان نے استقبال کیا۔

(جاری ہے)

وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر سبل نے بتایا کہ انقرہ یونیورسٹی میں تین ہزار سے زائد انٹرنیشنل طالبعلم تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ اس لیئے یونیورسٹی نے اب یہ فیصلہ کیا ہے کہ تعلیمی میڈیم تبدیل کرکے ان طالبعلموں کو ترکش کے بدلے انگریزی زبان میں تعلیم دی جائے گی۔ انہوںنے یہ بھی کہا کہ انکی جامعہ کی طرف سے اپنے طالبعلموں کو پارٹ ٹائم نوکری دینے کی پیشکش بھی کی جاتی ہے۔

ڈاکٹر سبل نے مزید کہا کہ انقرہ یونیورسٹی ایک سرکاری جامعہ ہے جو کہ 1946 میں قائم کی گئی تھی۔ یہاں پر اس وقت 18 فیکلٹیز ہیں جہاں پر 68 ہزار طالبعلم تعلیم حاصل کررہے ہیں۔جبکہ 9 ہزار سات سو اسٹاف ممبر مقرر ہیں۔ اس کے ساتھ انقرہ یونیورسٹی میں چالیس تحقیقی مرکز ہیں ۔یونیورسٹی میں 536 انڈر گریجوئیٹ ،331 گریجوئیٹ پروگرام اور 173 پی ایچ ڈی پروگرامز چل رہے ہیں۔

اس موقع پر سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے ڈین ڈاکٹر سید آصف علی انقرہ یونیورسٹی کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور ایس ایم آئی یو کی تاریخی حیثیت اور موجودہ حاصلات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر انقرہ یونیورسٹی کی بین الاقوامی تعلقات عامہ افسر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ایس ایم آئی یو کے وفد نے ہاستیپی یونیورسٹی کا بھی دورہ کیا ۔

جہاں پر پروفیسر ڈاکٹر تیمور نے اپنی جامعہ کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوںنے بتایا کہ اس یونیورسٹی کے اس وقت چھ کیمپسز ہیں جن کی 14 فیکلٹیز ہیں اور 159 پروگرامز چل رہے ہیں۔ یہ پہلی جامعہ ہے جو کہ ترکی کی عوام نے اس مقصد کیساتھ قائم کی کہ بیرون ملک جانے والے قابل لوگوں کو بیرون ملک جانے سے روکا جائے۔انہوں نے بتایا کہ اس یونیورسٹی کا شمار ترکی دس صف اول کی جامعات میں ہوتا ہے۔انہوںنے بتایا کہ اس جامعہ میں ہر سال بیس لاکھ امیدوار داخلائوں کیلئے ٹیسٹ دیتے ہیں۔اس موقع پر ڈاکٹر سید آصف علی نے سندھ مدرسہ یونیورسٹی کا تعارف پش کیا اور ان کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔بعد میں سندھ مدرسہ یونیورسٹی کے وفد نے انقرہ میں قائم اناطولیہ تہذیب کے میوزم کا بھی دورہ کیا۔